لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری کا کہنا ہے کہ سابق حکمرانوں کی بے دردی سے قومی وسائل کی لوٹ مارسے ملک اندھیروں میں ڈوبتا چلا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری نے کہا کہ کرپشن بچانے کے لیے مجرموں کا گروہ پارلیمان، جمہوریت اور جمہوری اقدار کا خون چاہتا ہے مگر پی ٹی آئی کے ہوتے ہوئے ان کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور مریم صفدر قبل از وقت الیکشن کا خواب دیکھنا چھوڑ دیں، حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔
اعجاز چوہدری نے کہا کہ ن لیگ کا سیاسی مستقبل ختم ہوچکا ہے،آئندہ انتخابات میں بھی عوام انہیں مسترد کردیں گے، مریم صفدر اور بلاول بھٹو زر داری کا شور شرابہ کام نہیں آئے گا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کی لوٹ مار کا مال واپس کیے بغیر جان نہیں چھوٹنے والی، آج حساب کی باری آئی تو رونا دھونا ختم نہیں ہو رہا اب روئیں ناں۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ ملکی ادارو ں کے خلا ف زبان درازی سے باز آجائے، عدلیہ اور افواج پاکستان کے خلا ف باتیں کرنے والے غداروں کو سزا ملے گی، آل شر یف کی گرفتاری کے بعد ن لیگ کا شیرازہ بکھرچکا ہے۔
اعجاز چوہدری نے کہا کہ سابق حکمرانوں کی کرپشن اورغلط پالیسیوں کے باعث قومی معیشت کا بیڑہ غرق ہوا اور سابق حکمرانوں کی بے دردی سے قومی وسائل کی لوٹ مار سے ملک اندھیروں میں ڈوبتا چلا گیا روٹی، کپڑا اور مکان کا جھوٹا نعرہ لگانے والی جماعتوں کو ترقی کر تا ملک برداشت نہیں ہورہا۔