لاہور : مسلم لیگ ضیا کے سربراہ اعجاز الحق نے کہا ہے کہ اس حکومت سے ہرصورت جان چھڑانا ہوگی، عمران خان ملک کے اقتصادی معاملات کے حوالے سے پریشان ہیں۔
یہ بات انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی معاملات سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
اعجازالحق کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت اپنی ضد اور جھوٹی انا کی وجہ سے ہر صورت اقتدار سے چمٹے رہنے کی کوشش کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر فوری طور پر عام انتخابات نہ ہوئے تو ملک کے معاشی اور سیاسی حالات بہتری کی جانب نہیں جاسکیں گے۔
اعجازالحق نے کہا کہ پاکستان عملی طور پر بینک کرپٹ ہوچکا ہے لیکن حکومت اس کا اعلان نہیں کررہی اور اگر اس کا اعلان ہوگیا تو افراتفری پھیل جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس نہ ووٹ ہے نہ عوام کی سپورٹ ہے جب تک عوام کی حمایت نہ ہو تو کوئی حکومت نہیں چل سکتی، عوام نے اس حکومت کو تسلیم ہی نہیں کیا، اس حکومت سے ہرصورت جان چھڑانا ہوگی۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت براہ راست الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرکے پی ٹی آئی سے باضابطہ مذاکرات کرے، حکمران دھمکیاں دینا اور بچوں کی طرح گفتگو کرنا بند کریں۔
اعجازالحق نے کہا کہ اسحاق ڈار کو پتہ ہے کہ ملکی معاشی حالات کیا ہیں، وہ اپنے قائدین کو حالات کی سنگینی سے آگاہ کریں۔
مسلم لیگ ضیا کے سربراہ نے کہا کہ عمران خان چاہتے ہیں کہ فوری اسمبلیاں تحلیل ہوں، دونوں فریقین فوری فیصلہ کریں، ان باتوں میں تضاد نہیں ہونا چاہیے۔
اعجازالحق کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں ڈالر کی قلت تشویشناک حد تک کم ہوچکی ہے اور کوئی بھی ملک ہماری مدد کرنے کو تیار نہیں، سعودی سفیر کے بیان کے بعد ہمیں کچھ کہنے کی ضرورت نہیں رہتی۔