اتوار, ستمبر 15, 2024
اشتہار

بھارت: مسلمان بزرگ شہری پر گائے کا گوشت لے جانے کا الزام لگا کر بدترین تشدد

اشتہار

حیرت انگیز

بھارت میں انتہا پسند ہندوؤں نے مسلمان بزرگ شہری کو گائے کا گوشت لے جانے کا الزام لگا کر بدترین تشدد کا نشانہ بنا دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلمانوں سے نفرت کا افسوسناک واقعہ ریاست مہاراشٹر میں چلتی ٹرین کے اندر پیش آیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہے۔

ملزمان نے بزرگ شہری پر الزام لگایا کہ وہ تھیلیوں میں گائے کا گوشت لے کر جا رہے ہیں۔ انتہا پسند ہندوؤں نے انہیں تھپڑ رسید کیے اور مغلظات بکیں مگر ٹرین میں موجود مسافر خاموش تماشائی بنے رہے۔

- Advertisement -

متاثرہ شہری کی شناخت اشرف منیار کے نام سے ہوئی جن سے ملزمان نے تھیلیوں میں موجود سامان سے متعلق بار بار سوالات کیے۔

ایک موقع پر اشرف منیار نے بتایا کہ وہ بیٹی کے سسرال والوں کیلیے بھینس کا گوشت لے کر جا رہے ہیں۔ لیکن ملزمان نے ان کی ایک نہ سنی اور تشدد کرتے رہے۔

مہاراشٹرا حکومت نے گائے اور بیل کو ذبح کرنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے تاہم بھینس کا گوشت اس میں شامل نہیں ہے۔

ریلوے کمشنر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کروا دی۔ کمشنر نے کہا کہ ریلوے پولیس ان ملزمان کی تلاش کر رہی ہے جنہوں نے بزرگ شہری پر تشدد کیا۔

ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد ریلوے پولیس متاثرہ شہری سے رابطہ کیا لیکن وہ ڈر کے مارے انتہا پسند ہندوؤں کے خلاف قانونی کارروائی کیلیے تیار نہیں ہیں۔

پولیس نے دو ملزمان کی شناخت کی ہے جو دھولے کے رہنے والے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں