اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

وہ پاکستانی اداکارائیں جنہوں نے گوری رنگت والی کریموں کی تشہیر نہیں کی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: پاکستان کی نامور اداکارؤں نے بتایا ہے کہ انہوں نے گوری رنگت بنانے یا جلد کو پرکشش بنانے والی کریموں کی تشہیر نہیں کی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر برطانوی صحافی نے ایک ٹویٹ کیا اور پوچھا کہ کیا مجھے کوئی ایسے پاکستانی اور بالی ووڈ اسٹارز کے نام بتاسکتا ہے کہ جنہوں نے گوری رنگت والی کریموں کے اشتہارات میں کام کرنے سے انکار کیا ہو۔

اُن کے ٹویٹ کے بعد پاکستانی اداکاراؤں نے ٹویٹ میں بتایا کہ وہ پیش کش کے باوجود بھی ایسے اشتہار کو مسترد کرچکی ہیں۔

ایسی پاکستانی اداکاراؤں میں صف اول کی اداکارائیں عائشہ عمر، ماہرہ خان، صنم سعید، حریم فاروق اور گلوکارہ مومنہ مستحسن سمیت دیگر شامل ہیں۔

پاکستانی اداکاراؤں نے ٹویٹ پر جواب دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے بھاری معاوضے کی پیش کش کے باوجود بھی ایسے کام سے انکار کیا۔

اداکارہ صنم سعید نے لکھا کہ انہوں نے ایسے اشتہارات میں کبھی کام نہیں کیا۔

صنم سعید کے ٹویٹ پر جواب دیتے ہوئے عائشہ عمر نے لکھا کہ ’میں نے بھی کبھی ایسے اشتہارات میں کام نہیں کیا اور نہ ہی مستقبل میں ایسا کوئی ارادہ ہے‘۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ’مجھے ماضی میں ایسے اشتہارات میں کام کرنے کی پیش کش بھی ہوئی، مگر کبھی ایسے اشتہارات میں کام کرنے کا ارادہ نہیں کیا‘ ۔

بین الاقوامی شہرت یافتہ نامور پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے لکھا کہ ’میں نے بھی کبھی ایسے اشتہارات میں کام نہیں کیا، جب میں وی جے کے طور پر کام کررہی تھی تب بھی کام کرنے سے انکار کیا تھا‘۔

اداکارہ حریم فاروق نے بھی بتایا کہ اُن کا شمار بھی کام نہ کرنے والوں میں ہوتا ہے۔ گلوکارہ مومنہ مستحسن نے اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ انہوں نے بھی کبھی ایسے اشتہارات میں کام نہیں کیا۔

مومنہ نے لکھا کہ ’میں نے ہمیشہ رنگ گورا کرنے والی مصنوعات کی تشہیر کی پیش کش کو مسترد کیا، اگر اسی طرح ہم سب ذمہ داری کا مظاہرہ کریں تو تبدیلی آسکتی ہے‘۔

علاوہ ازیں اداکارہ زارا نور عباس نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک سیاہ فام افریقی بچی کی ویڈیو شیئر کی جو نسل پرستی کے خلاف تقریر  کررہی تھی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں