پیر, جون 24, 2024
اشتہار

الیکشن کے نتائج پر شدید تحفظات ہیں، عہدے سے مستعفی ہورہا ہوں، گورنر سندھ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ الیکشن کے نتائج پر شدید تحفظات ہیں، آرٹی ایس سسٹم بیٹھ گیا تھا یا بٹھایا گیا تھا، میں سیاست نہیں صرف عہدہ چھوڑ رہا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، گورنر سندھ نے کہا کہ یہ پریس کانفرنس اپنے استعفے کا اعلان کرنے کے لیے بلائی ہے، قوم کو اپنے مستعفی ہونے کی وجوہات بتانا چاہتا ہوں، الیکشن2018پر میرے بہت زیادہ تحفظات ہیں، یہ انتخابات صرف پارٹی کو جتوانے کیلئے کرائے گئے، پشاور سے کراچی تک ووٹوں کی گنتی کو مینج کیا گیا۔ گورنر ہاؤس میں ہونے والی پریس کانفرنس میں محمد زبیر کا کہنا تھا کہ ہمارے ہاں جمہوری روایت کا پاس ہونا ضروری ہے، اگر الیکشن ہو جائیں تو گورنرز کو ویسے ہی رہنا چاہیے، وفاق کا اختیار ہونا چاہئے کہ جسے چاہے گورنر بنائے، میں سیاست نہیں چھوڑرہا، صرف گورنر سندھ کا عہدہ چھوڑ رہا ہوں، میں اپنے قائد نوازشریف کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے مجھے گورنرسندھ بنایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کو8بجے ہی بتانا چاہئے تھا کہ آر ٹی ایس سسٹم بیٹھ گیا ہے، سیاسی جماعتوں کےاحتجاج کے بعد بتایا گیا کہ آرٹی ایس نظام بیٹھ گیا، سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ یہ سسٹم بیٹھ گیا تھا یا بٹھایا گیا تھا۔ محمد زبیر نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پولنگ ڈے پر سب سے زیادہ مسئلہ دیکھا جاتا ہے، پولنگ اسٹیشن میں موبائل فون کا جانا سمجھ سے باہر ہے، پیپلز پارٹی، پی ایس پی اور شہبازشریف نے الیکشن میں تحفظات پر پریس کانفرنس کی، کہیں پر دوبارہ گنتی کی اجازت دی جارہی ہے کہیں نہیں، عمران خان کہہ دیں کہ جہاں دوبارہ گنتی کاکہاں جارہاہے کردیں، سسٹم اس طرح آگے کیسے چلے گا؟ محمد زبیر کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن سے پہلے ہی مسلم لیگ ن کے لئے مشکلات پیدا کی گئیں، ن لیگ کے بہت سے لوگوں کو الیکشن سے پہلے نااہل کردیا گیا، الیکشن میں سب کو مہم چلانے اور عوام تک نظریہ پہنچانے کا حق ہے، طلال چوہدری کومہم کےدوران باربارسپریم کورٹ جاناپڑتاتھا، ان پر پوری الیکشن مہم کے دوران نااہلی کی تلوار لٹکی تھی۔ پہلے میاں نوازشریف کا عدالت میں روز کیس لگتا ہے، ان کے خلاف فیصلہ آنے کے بعد اب کیس کی سماعت روزانہ نہیں ہورہی۔ پاکستان میں جمہوریت اورجمہوری اقدار پر کم ہی عمل درآمد کیا جاتا ہے، جس طرح چیئرمین سینیٹ بنایا گیا کیا اس سے دنیا میں ہمارا مقام بڑھاہے؟ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ فیصل واوڈا اور فاروق ستار کے ہارنے والا حلقہ کھول دیں، آپ صرف یہ دو حلقے کھول دیں، سب کو پتہ چل جائے گا، عمران خان اور پی ٹی آئی قیادت دوبارہ گنتی کے لئے بیان دیں۔


Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں