کراچی: غیرملکی ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ انتخابی مہم میں ٹیکنالوجی کے بھرپور اور موثر استعمال نے پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
تفصیلات کے مطابق غیر ملکی ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے الیکشن جیتنے کیلیے ٹیکنالوجی کے ہتھیار کو عمدہ طریقے سے استعمال کیا، پی ٹی آئی نے ٹیکنالوجی کے ذریعے پاکستان میں انتخابی مہم چلانے کے طریقے کو تبدیل کردیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پانچ کروڑ سے زائد ووٹرز کا ڈیٹا خصوصی طور پر تیار کیے گئے ڈیٹا مینجمنٹ سسٹم میں اسٹور کیا گیا، ووٹرز سے رابطے کے لیے خصوصی موبائل ایپ کی مدد بھی لی گئی تھی۔
سرکاری سسٹم میں مشکلات پر تحریک انصاف کے ڈیٹا مینجمنٹ سسٹإ نے ووٹرز کو پولنگ اسٹیشن اور دیگر معلومات کے حوالے سے مکمل رہنمائی فراہم کی۔
عمران خان کی پارٹی نے پورے پاکستان میں ڈیٹا بیس حاصل کرنے کے لیے ٹیمیں تشکیل دیں، گھر گھر میں ووٹرز کو شناخت کیا، پی ٹی آئی کے ’مصدقہ‘ ووٹرز پر توجہ مرکوز کی، انہیں ایپ کے ساتھ منسلک کیا اور یہ یقینی بنایا کہ وہ الیکشن والے دن ووٹ ضرور ڈالیں۔
سی ایم ایس پر کام کرنے والے ایک سینئر پی ٹی آئی عہدیدار کے مطابق اس سافٹ ویئر نے رزلٹ دینے میں مدد دی، رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی نے پولنگ سے قبل تک اس ایپ اور ڈیٹا بیس کو خفیہ رکھا تاکہ حریف ان کی نقل نہ کرلیں۔
واضح رہے قومی اسمبلی کے 270 حلقوں پر ہونے والے الیکشن کے نتیجے میں 116 نشستیں جیت کر تحریک انصاف کو واضح برتری حاصل ہوئی، جس کے بعد عمران خان کے وزیر اعظم بننے کے امکانات روشن ہیں جبکہ مسلم لیگ ن 64 نشستیں جیت کر دوسرے نمبر پر رہی۔