لاڑکانہ: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے این اے 194 لاڑکانہ سے اپنا ووٹ کاسٹ کردیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ اپنا مینڈٹ کسی کو چوری کرنے نہیں دینگے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اس موقع پر بلاول بھٹو کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عوام سے درخواست ہے نکلیں اور ووٹ کاسٹ کریں، ووٹ عوام کی طاقت ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ موبائل سروس معطلی کی مذمت کرتا ہوں، موبائل فون سروس فوری بحال کی جائے، موبائل سروسزبند ہونے سے ووٹ کاسٹ میں فرق پڑیگا۔
انہوں نے کہا کہ عدلیہ و اعلیٰ ادارے سے درخواست کی کہ موبائل سروسز بحال کرائیں، کیونکہ انٹرنیٹ کی بندش کے باعث ووٹ گنتی سمیت آر اوز کو مشکلات درپیش آئیں گی۔ فارم 45 سمیت دیگر پولنگ عمل میں بھی مشکلات درپیش ہوں گی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اپنا مینڈٹ کسی کو چوری کرنے نہیں دینگے، انہوں نے کہا کہ میرا مینڈیٹ کسی کو نہیں دیا جا سکتا، جس تعداد میں عوام کی بڑی تعداد نکلی ہے پیپلز پارٹی کامیاب ہوگی۔
واضح رہے کہ ملک بھر کے قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقے ہیں جن کیلئے ملک کی تاریخ کے سب سے زیادہ 17 ہزار 816 امیدوار میدان میں ہیں۔ 882 خواتین امیدوار، 4 خواجہ سرا بھی جنرل نشستوں پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔
آج 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے جبکہ 25 سال تک عمر کے 2 کروڑ 35 لاکھ 18 ہزار371 نئے ووٹرزبھی شامل ہیں۔
الیکشن 2024 پاکستان: پولنگ کی مکمل کوریج اور معلومات – لائیو
پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔ ووٹ ڈالنے کیلئے ووٹرز کو اصل شناختی کارڈ دکھانا لازم ہوگا، قومی اسمبلی کیلئے سبز اور صوبائی اسمبلی کیلئے سفید بیلٹ پیپر ہو گا۔