14.9 C
Dublin
ہفتہ, مئی 25, 2024
اشتہار

8 فروری کو کراچی میں تیروں کی بارش ہوگی، بلاول بھٹو

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 8 فروری کو ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں تیروں کی بارش ہو گی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے کراچی میں انتخابی ریلی نکالی گئی جو شہر بھر کے تمام اضلاع سے ہوتی ہوئی داؤد چورنگی پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے شرکا نے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج شہر قائد کے عوام نے فیصلہ سنا دیا ہے، 8 فروری کو کراچی میں تیروں کی بارش ہوگی اور یہاں کے عوام تیر سے شیر کا شکار کریں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ دوسری جماعتیں نفرت اور تقسیم کی سیاست کر رہی ہیں، ہم 8 فروری کو نفرت اور تقسیم  کی سیاست کو ختم کر دیں گے۔ میرا 10 نکاتی ایجنڈا مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کیلیے ہے، غربت کےخاتمے کیلیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اضافہ کریں گے اور پاکستانیوں کو سولر کے ذریعے 300 یونٹ مفت بجلی دیں گے۔

- Advertisement -

پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ 30 لاکھ گھربنائیں گے، کچی آبادیوں کو ریگولرائز کرا کرغریبوں کو زمین کے مالکانہ حقوق دیں گے۔ ہاری کارڈ کے ذریعے کسانوں کی مالی مدد کی جائے گی اور یونین کونسل کی سطح پر بھوک مٹاؤ پروگرام شروع کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اشرافیہ کو سالانہ 1500 ارب دیے جا رہے ہیں، ہم اشرافیہ سے یہ پیسہ چھین کر غریبوں کو سبسڈی دیں گے۔ 17 وزارتیں ختم کر کے 300 ارب کراچی کےعوام پر لگائیں گے۔

بلاول بھٹو کا یہ بھی کہنا تھا کہ ماضی میں کراچی کے مینڈیٹ پر ڈاکا مارا گیا لیکن اب کسی کو اجازت نہیں دیں گے، اگر کسی نے میری ایک سیٹ کم کرنے کی کوشش کی تو میں برداشت نہیں کروں گا۔

اس سے قبل پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں ریلی کا آغاز بلاول ہاؤس سے ہوا۔ ریلی میں رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کا مختلف مقامات پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ گھروں کی چھتوں اور کھڑکیوں سے پھول برسائے گئے۔ اس دوران پی پی چیئرمین نے کئی مقامات پر مختصر خطاب بھی کیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں