بدھ, دسمبر 25, 2024
اشتہار

’الیکشن کے پُر امن انعقاد کا سہرا افواج پاکستان اور دیگر اداروں کے سر ہے‘

اشتہار

حیرت انگیز

عام انتخابات کے کامیاب انعقاد پر وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ الیکشن کے پُر امن انعقاد کا سہرا افواج پاکستان اور دیگر اداروں کے سر ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے کامیاب انعقاد کے بعد وزارت داخلہ کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے جس میں الیکشن کے پُر امن انعقاد کا کریڈٹ پاک فوج اور دیگر اداروں کو دیا ہے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کا انعقاد ایک بڑی کامیابی ہے جس پر قوم کو فخر ہونا چاہیے۔ اس کے پُر امن انعقاد کا سہرا افواج پاکستان، سیکیورٹی ایجنسیز اور دیگر اداروں کے سر ہے جنہوں نے پولنگ کے دن دہشتگردی کے واقعات کے باوجود اس کا کامیاب انعقاد یقینی بنایا۔

- Advertisement -

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ دہشت گرد تنظیموں کی طرف سے انتخابی عمل میں خلل ڈالنے کی کوشش کی گئی اور عام انتخابات کے دن ملک میں دہشتگردی کے 61 واقعات ہوئے، جن میں 16 افراد شہید اور 54 زخمی ہوئے۔

وزارت کے مطابق قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے سیکیورٹی پلان تشکیل دیا تھا۔ تمام حفاظتی اقدامات عوام کی سلامتی اور تحفظ کے مفاد میں کیے گئے۔ الیکشن کمیشن تنقید کے بجائے تعریف اور ستائش کا مستحق ہے۔

الیکشن 2024 پاکستان: جانیے مکمل غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج

وزارت داخلہ کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ ذاتی مفادات رکھنے والے عناصر انتشار پھیلانا چاہتے ہیں لیکن شہری اور سیاسی رہنما انتخابی عملے کو بغیر رکاوٹ اپنے فرائض سرانجام دینے دیں۔ آر او آفس جانے والی سڑکوں کو بند کر کے کام میں مزید تاخیر نہ کریں۔ امید کرتے ہیں یہ الیکشن قوم کے لیے خوش آئند ہو گا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں