ہفتہ, جولائی 27, 2024
اشتہار

اسحاق ڈار کا الیکشن میں‌ کامیاب آزاد امیدواروں سے متعلق بڑا دعویٰ

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے دعویٰ کیا ہے کہ آزاد امیدواروں  نے ن لیگ سے رابطہ کیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک موصولہ غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار جیتنے والے امیدواروں میں سر فہرست ہیں اور اگلی حکومت کے قیام میں ان کا اہم کردار ہوگا۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اسحاق ڈار نے آزاد امیدواروں سے متعلق بڑا دعویٰ کیا ہے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ آزاد امیدواروں نے ن لیگ میں شمولیت کے لیے ہم سے رابطہ کیا ہے۔ قومی اسمبلی کی نشستوں پر ن لیگ سب سے آگے ہے اور آزاد امیدواروں کے پاس کسی بھی پارٹی میں شامل ہونے کے لیے 72 گھنٹے ہیں۔

- Advertisement -

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اگر آزاد امیدوار کسی بھی جماعت میں شامل نہیں ہوں گے تو پھر انہیں مخصوص نشستیں نہیں ملیں گی۔

ن لیگی رہنما کا یہ بھی کہنا تھا کہ آزاد امیدوار پنجاب میں ن لیگ کے قریب بھی نہیں۔ آزاد امیدواروں کو ساتھ ملانے کیلیے آصف زرداری اچھی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے تھی لیکن ہم اس حوالے سے شکایات کیسے کرتے کیونکہ کل تو پورا دن موبائل فون سروس ہی بند تھی۔

واضح رہے کہ اب تک قومی اسمبلی کی 265 جنرل نشستوں میں سے 152 کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج موصول ہوئے ہیں جن کے مطابق پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار 64 حلقوں میں کامیابی کے ساتھ سر فہرست ہیں۔

الیکشن 2024 پاکستان: جانیے مکمل غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج

ن لیگ نے 46، پیپلز پارٹی نے 36، دیگر آزاد امیدواروں نے 5، ایم کیو ایم پاکستان، جے یو آئی اور آئی پی پی نے دو دو نشستیں حاصل کر لی ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں