پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک کے مسائل حل کرنے ہیں تو ایک پارٹی کو مینڈیٹ ملنا چاہیے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق نواز شریف نے لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں این اے 128 پر اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ حق رائے دہی استعمال کرنے کے بعد سابق وزیراعظم نے میڈیا سے مختصر گفتگو کی جس میں ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ میاں صاحب سادہ اکثریت ملے گی یا مخلوط حکومت بنے گی؟
صحافی کے اس سوال پر نواز شریف نے برجستہ جواب دیا کہ او بھائی خدا کا واسطہ، مخلوط حکومت کا نام نہ لیں۔ ملک کے مسائل حل کرنے ہیں تو ایک پارٹی کو مینڈیٹ ملنا چاہیے۔
نواز شریف نے کہا کہ گالم گلوچ اور بدتمیزی کے کلچر کے خاتمے کیلیے عوام آج ووٹ کاسٹ کریں۔ پاکستان کےعوام خوشحال زندگی بسر کر سکیں گے اور لوگوں کا یہی خواب ہے جو شرمندہ تعبیر ہونا چاہیے۔
نواز شریف نے اپنا ووٹ کاسٹ کر لیا
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بہت قربانیاں دی ہیں۔ شہبازشریف، مریم اور حمزہ سمیت بہت سارے ساتھیوں کی خدمات اور قربانیاں ہیں۔ یہ قربانیاں دے کر ہی آج یہ دن دیکھ رہے ہیں۔