اسلام آباد : الیکشن کمیشن کو مکمل خود مختاربنایا جائے، نگراں حکومت کے لئے پارلیمانی کمیٹی ہونی چاہیئے، پی ٹی آئی نےانتخابی اصلاحات کمیٹی کو نئی تجاویزپیش کردیں۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن 2018ء کو شفاف بنانے کے لیے کیا کیا اقدامات کیے جائیں اس حوالے سے پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کی انتخابی اصلاحات کمیٹی کو نئی تجاویزپیش کردیں۔
تحریک انصاف نے تجویز دی ہے کہ نگراں حکومت کے لیے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے، کمیٹی کے پچاس فیصد رکن حکومت پچاس فیصد اپوزیشن سے لیے جائیں۔ الیکشن کمیشن کومالی اورانتظامی طور پرخود مختاربنایا جائے۔
یہ تجویزبھی دی گئی ہے کہ سیکریٹری الیکشن کمیشن کی تعیناتی الیکشن کمیشن خود کرے، جبکہ ممبران کی تعیناتی پارلیمانی کمیٹی کرے۔ انتخابات الیکٹرونک ووٹنگ مشین سے کرانےکے اقدامات کی تجویز کے ساتھ کہا گیا ہے کہ ووٹرزکی بائیو میٹرک ویری فکیشن کو بھی یقینی بنایا جائے اور سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کاحق دیاجائے۔
پی ٹی آئی کامزید کہنا ہے ریٹرننگ افسر انیس گریڈ کا افسر ہونا چاہئے، دفاعی اداروں سمیت تمام محکموں سے ریٹرننگ افسر لیے جائیں اور تمام پولنگ اسٹیشنزکےاندر اورباہر فوج تعینات کی جائے۔