منگل, نومبر 5, 2024
اشتہار

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی دو تاریخوں پرغور شروع کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے25 یا 26جولائی کو عام انتخابات کی مجوزہ تاریخ پر غور شروع کردیا ہے، امکان ہے کہ حتمی فیصلہ جلد کرلیا جائے گا، حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر کی زیرصدارت عام انتخابات کی تیاریوں سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں الیکشن کمیشن کے ممبران، صوبائی الیکشن کمشنرز اور چاروں چیف سیکریٹریز نے شرکت کی۔

اس موقع پر  شرکاء نے  عام انتخابات کی پولنگ کے لیے دو تاریخوں پر غور اور پولنگ اسٹیشنز پر بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی پر پیش رفت کا جائزہ لیا ۔

- Advertisement -

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخاب 2018 کے انعقاد کیلئے دو مجوزہ تاریخوں پر غور شروع کردیا ہے،  جس میں سے ایک تاریخ کا حتمی فیصلہ جلد کرلیا جائے گا، ذرائع کے مطابق الیکشن 2018 کی پولنگ کے لیے 25 یا 26 جولائی کی تاریخوں پر غور کیا جارہا ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ پنجاب کے470میں سے363پولنگ اسٹیشنز میں سہولتیں فراہم کردی گئی ہیں، پنجاب کے107پولنگ اسٹیشنز پر بنیادی سہولتوں کیلئے جلد کام شروع ہوگا۔

اس کے علاوہ خیبر پختونخوا کے1226 میں سے 532پولنگ اسٹیشنز پر سہولتیں مہیا کی گئی ہیں، خیبر پختونخوا کے694پولنگ اسٹیشنز پر جلد سہولتیں جلد دی جائیں گی۔

دوسری جانب سندھ کے 3824میں سے 3688پولنگ اسٹیشنز پر سہولتیں مہیا کردیں گئی ہیں اور بلوچستان کے576پولنگ اسٹیشنز پرسہولیات کی فراہمی کیلئے کام تیزی سے جاری ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے مزید کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے معذور افراد کیلئے پولنگ اسٹیشنز پر ریمپ لگانے کی خصوصی ہدایت کی ہے، انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگیں گے۔

انہوں نے صوبائی حکومتوں کو پولنگ اسٹاف کی تعداد مکمل رکھنے کی ہدایت بھی کی ہے، اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے ہدایات دی ہیں کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ اورآر اوز کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے، اجلاس میں الیکشن کمیشنر نے پولنگ اسٹیشنز کی جائزہ رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ موجودہ حکومت کی آئینی مدت جون کے مہینے میں ختم ہورہی ہے جس کے بعد جولائی کے مہینے میں انتخابات کے انعقاد کا امکان ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں