اسلام آباد: انتخابات کے لئے تیار ہیں، چیف الیکشن کمشنر نے اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی زیرصدارت الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
ای سی کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ ادارہ انتخابات کے لئے تیار ہے، قومی اسمبلی اور صوبائی حلقوں کےانتخابات16 اکتوبرکو ہی ہونگے جبکہ کراچی کے تمام اضلاع میں بھی بلدیاتی انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہی ہونگے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق کرم میں انتخابات کا اعلان بعد میں کیاجائےگا، کرم کےعلاوہ تمام قومی وصوبائی حلقوں میں16اکتوبرکوالیکشن ہونگے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل وزارت داخلہ نے الیکشن کمیشن کو خط ارسال کیا تھا جس میں ضمنی انتخابات کو تین ماہ کے لئے ملتوی کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کی ضمنی اور بلدیاتی انتخابات سے متعلق وضاحت
خط میں موقف اپنایا گیا تھا کہ پاک فوج اور ایف سی وسیع پیمانے پر ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں مصروف ہیں، سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض اور دیگر مسائل درپیش ہیں۔
خط میں کہا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن کو انتخابات کے شیڈول میں تبدیلی کرنے کا اختیار حاصل ہے، ایسی صورتحال میں آرمی، رینجرز اور ایف سی پر دباؤ ہوگا اور اگر ان اداروں سے اضافی کام لیا گیا تو الیکشن کی ساکھ پر سوال اٹھ سکتے ہیں۔