اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ کی جانب سے دئیے گئے اختیارکا استعمال کرتے ہوئے سندھ کے آٹھ اضلاع کے کچھ یونین کونسلز اوروارڈز میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آج الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کی جانب سے فیصلے کا اختیار ملنے کے بعد فورا اپنا اجلاس طلب کرلیا جس میں سندھ کے آٹھ اضلاع میں الیکشن کروانے یا ملتوی کرنے پرغورکیاگیا۔
اجلاس میں ڈیڑھ گھنٹے تک تمام عوامل پرغورکرنے کے بعد سندھ کے آٹھ اضلاع میں کچھ یونین کونسلزاور وارڈزمیں بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیئےگئے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ آٹھ اضلاع جن میں انتخابات ملتوی کئے گئے ان میں حیدرآباد، بدین، تھرپارکر، ٹنڈو الہٰ یار، میرپورخاص، بینظیرآباد، نوشہرو فیروز اور جامشورو میں شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن نے سندھ کے 81 یوسیز، 15 ٹاوٗن کمیٹیوں اور 4 میونسپل کمیٹیوں میں آئندہ روز ہونے والے انتخابات ملتوی کئے ہیں۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن بابریعقوب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الیکشن ملتوی کرنے کا اعلان کیا اورتفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سندھ 81 یوسیز میں کل انتخابات نہیں ہوں گے۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کی میرپور خاص کی 25، حیدرآباد کی 24، نوشہرو فیروز کی17، بدین کی 6، تھر پارکر کی 6، شہید بے نظیرآباد کی 2، حیدرآباد کی ایک اور ٹنڈو الہٰ یار کی 1 یونین کونسل میں الیکشن ملتوی کئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ سندھ ہائیکورٹ نےآٹھ اضلاع میں انتخابی حلقہ بندیوں کوکالعدم قراردیاتھا جہاں انیس نومبرکوانتخابات ہونے تھے۔
الیکشن کمیشن نےانتخابات سےایک دن پہلےسندھ ہائیکورٹ کےفیصلےکو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
الیکشن کمیشن نےعدالت عظمیٰ میں دائردرخواست میں موقف اختیارکیاتھاکہ سندھ ہائیکورٹ کی جانب سےسندھ کےآٹھ اضلاع کی حلقہ بندیوں کو کالعدم قرار دیئے جانیوالےاضلاع میں کل الیکشن ہیں، اتنی جلدی دوبارہ حلقہ بندیاں نہیں ہوسکتیں جس پرعدالت عظمٰی نےالیکشن کمیشن کو انتخابات کرانےیاملتوی کرنے کااختیاردے دیا۔
الیکشن کمیشن نے سندھ کے81 یوسیز، 15 ٹاوٗن کمیٹیوں اور 4 میونسپل کمیٹیوں میں آئندہ روز ہونے والے انتخابات ملتوی کردئیے گئے ہیں۔
دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ نےدیہی و شہری علاقوں کےانضمام کانوٹیفکیشن کالعدم قراردیکر صوبائی الیکشن کمیشن کو حکم دیا کہ چوبیس گھنٹوں کے اندراٹھارہ ستمبردو ہزار پندرہ کےعدالتی حکم کےمطابق حلقہ بندیاں تشکیل دینےکےحوالے سےنیانوٹیفیکیشن جاری کرے۔