اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کیلئے پولنگ اسکیم کا ڈرافٹ تیار کرکے ویب سائیٹ پر جاری کردیا ہے، اسکیم میں ووٹرزکی تعداداورپولنگ اسٹیشن کی تفصیلات دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق انتخابات2018 کی تیاریاں تیزی سے جاری ہے ، الیکشن کمیشن نے ملک بھر کےلیےپولنگ اسکیم کاڈرافٹ جاری کر دیا، پولنگ اسکیم میں ووٹرزکی تعداداورپولنگ اسٹیشن کی تفصیلات شامل ہیں جبکہ پولنگ اسکیم میں شماریاتی بلاک کوڈکی تفصیلات بھی فراہم کردی گئیں۔
الیکشن کمیشن نے پولنگ اسکیم ڈرافٹ تیار کرکے ویب سائیٹ پر تفصیلات جاری کردی ہے، فاٹااورچاروں صوبوں کی الگ الگ تفصیلات جاری کی گئی ہے ۔
ڈرافٹ کے مطابق ملک بھر میں 85252 پولنگ اسٹیشن قائم کئے جائیں گے جبکہ پولنگ بوتھ کی تعداد دو لاکھ اکتالیس ہزار ایک سو بتیس رکھی گئی ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اسلام آباد اور پنجاب میں اڑتالیس ہزار610چھ سو دس پولنگ اسٹیشن بنائے جائیں گے ، ان میں ایک لاکھ 31 ہزار26 پولنگ بوتھ ہوں گے، سندھ میں 17ہزار 627 اور بلوچستان میں 4 ہزار 493 پولنگ اسٹیشن جبکہ 11ہزار سے زائد پولنگ بوتھ ہوں گے۔
ڈرافٹ کے مطابق فاٹا اور کے پی میں 14ہزار 522پولنگ اسٹیشن قائم کئے جائیں گے۔
اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات پر اخراجات کا ابتدائی تخمینہ لگایا تھا ، جس کے مطابق انتخابات میں لگ بھگ 20ارب سے زائد خرچ ہوں گے جبکہ حکومت نے فنڈزکی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔
الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کیلئے صدر مملکت ممنون حسین کو سمری بھجوادی ہے، ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کے انعقاد کیلئے صدر کو3 تاریخیں تجویز کی ہیں، انتخابات کیلئے جولائی کے آخری ہفتے کی 3تاریخیں تجویز کی گئی ہے، تجویز کردہ تاریخیں 25 تا 27 جولائی 2018 کی ہیں۔
واضح رہے کہ موجودہ حکومت کی آئینی مدت جون کے مہینے میں ختم ہورہی ہے جس کے بعد جولائی کے مہینے میں انتخابات کے انعقاد کا امکان ہے۔