کراچی: سندھ میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، ایسے میں الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں پر حکومت سندھ اور پیپلز پارٹی کے مؤقف پر ایکشن لے لیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی حکومت کو حکم دے دیا ہے کہ جلد از جلد مردم شماری کی سرکاری اشاعت کی جائے۔ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے وزارتِ پارلیمانی امور اور وزارتِ قانون کو احکامات جاری کر دیے۔
قبل ازیں، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس میں حکومت سندھ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی پٹیشنز پر غور کیا گیا، اجلاس میں مردم شماری کے سرکاری اعداد و شمار کی اشاعت اور سندھ میں حلقہ بندیوں کے معاملے کو دیکھا گیا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ آبادی کے اعداد و شمار حلقہ بندیوں کے لیے بنیادی جز ہیں، اس لیے حلقہ بندیوں کے لیے 2017 کی مردم شماری کی سرکاری اشاعت ضروری ہے۔
احکامات پر عمل درآمد کے لیے الیکشن کمیشن نے متعلقہ حکام کو مراسلے بھی جاری کر دیے۔
الیکشن کمیشن نے سندھ میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کیلئے کمیٹیوں کا اعلان کر دیا
یاد رہے کہ 2 ستمبر کو الیکشن کمیشن نے سندھ میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کے لیے کمیٹیوں کا اعلان کیا تھا، یوسیز، یونین کمیٹیز اور وارڈز کی نئی حلقہ بندیوں کے بعد سندھ میں بلدیاتی الیکشن کا انعقاد کیا جانا ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ 9 سے 22 ستمبر تک سندھ بھر میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کو مکمل کیا جائے گا، 23 ستمبر کو سندھ میں ابتدائی حلقہ بندیاں آویزاں کی جائیں گی اور اس کے بعد بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان ہوگا۔