اسلام آباد : الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں انتخابات سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے پنجاب میں 14 مئی کو عام انتخابات کرانے کیلئے فنڈز فراہم کرنے کی ڈیڈلائن ختم ہوگئی، وفاقی حکومت نے الیکشن کمیشن کو فنڈز فراہم نہیں کیے۔
پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات کیلئے فنڈز کی فراہمی کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کرا دی۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے اپنی رپورٹ میں سپریم کورٹ کو آگاہ کر دیا ہے کہ ہمیں کوئی فنڈز نہیں ملے، حکومت نے انتخابات کے لیے رقم فراہم نہیں کی۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے بھی سپریم کورٹ کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ہمیں الیکشن کیلئے سیکورٹی کی بھی کمی کا سامنا ہے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو 10 اپریل تک پنجاب میں انتخابات کیلئے فنڈز فراہمی کی ہدایت کر رکھی تھی، تاہم تاحال حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن کو فنڈز فراہم نہیں کئے گئے۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے سربمہر رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی سپریم کورٹ کے ججز چیمبر میں الیکشن کمیشن کی رپورٹ کا جائزہ لیں گے اور اُسی بنیاد پر نیا حکم جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
گزشتہ سماعت میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے پنجاب میں انتخابات کے التواء کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ فیصلہ غیرقانونی اور غیر آئینی ہے، اب پولنگ 30اپریل کے بجائے 14 مئی کو ہوگی۔