تازہ ترین

تحریک انصاف کے اسد قیصر قومی اسمبلی کے اسپیکر، قاسم خان سوری ڈپٹی اسپیکر منتخب

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار اسد قیصر قومی اسمبلی کے اسپیکر  اور قاسم خان سوری ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں 5 نو منتخب امیدواروں نے حلف اٹھایا۔

اس کے بعد اسپیکر کے انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل شروع ہوا جس میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار اسد قیصر 176 ووٹ لے کر قومی اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوگئے۔

اسپیکر کے اہم ترین عہدے کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے اسد قیصر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے خورشید شاہ کے درمیان سخت مقابلہ تھا۔

اسپیکر کے لیے کل 330 ووٹ کاسٹ کیے گئے جس میں سے 8 مسترد کردیے گئے۔ پولنگ مکمل ہونے کے بعد ایک بار گنتی ہوجانے کے بعد پیپلز پارٹی کی شازیہ مری کی درخواست پر دوبارہ گنتی کی گئی۔

حتمی نتائج کے مطابق متحدہ اپوزیشن کے امیدوار سید خورشید شاہ نے 146 ووٹ حاصل کیے۔


اپوزیشن کا احتجاج

بعد ازاں اسد قیصر کو حلف برداری کے لیے بلایا گیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کے مرتضیٰ عباسی نے احتجاجی تقریر کی جس کے ساتھ ہی اپوزیشن پنچوں سے ’ووٹ کو عزت دو‘ کے نعرے لگنے لگے۔

حلف برداری کے دوران مسلم لیگ ن کے ارکان مسلسل میاں محمد نواز شریف کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔ اس دوران پیپلز پارٹی اس احتجاج سے لاتعلق رہی۔

اب اگلا مرحلہ ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا ہے۔ ڈپٹی اسپیکر کے لیےتحریک انصاف کے نامزد امیدوار قاسم سوری اور اپوزیشن کے امیدوار اسد محمود میدان میں ہیں۔


اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب

اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری سے ہوگا۔ پہلے مرحلے میں اسپیکر کا انتخاب قاعدہ 9 باب 3 کے تحت ہوا۔

پولنگ کے موقع پر کسی بھی رکن کو موبائل سے ووٹ کی تصویر بنانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ہر ووٹر کو بیلٹ پیپر سیکریٹری اسمبلی کی طرف سے جاری کیا گیا۔

امیدواروں نے اپنے دو دو پولنگ ایجنٹوں کے نام اسپیکر کو دیے۔ امیدواروں اور پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں ووٹوں کی گنتی ہوئی، کامیاب اسپیکر سے سبکدوش اسپیکر نے حلف لیا۔


عمران خان شناختی کارڈ ساتھ لانا بھول گئے

اسپیکر کے انتخاب کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان رجسٹریشن اور شناختی کارڈ ساتھ لانا بھول گئے۔ پولنگ ایجنٹس کی رضا مندی سے عمران خان کو ووٹ کاسٹ کرنے دیا گیا۔


ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب

ڈپٹی اسپیکر کے لیے پی ٹی آئی کےقاسم خان سوری اور متحدہ اپوزیشن کےاسعد محمود میں مقابلہ تھا،

پی ٹی آئی کے قاسم خان سوری 183ووٹ لےکرڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی منتخب ہوئے، متحدہ اپوزیشن کےامیدواراسعدمحمودنے144ووٹ حاصل کیے۔ ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب میں  328ووٹ کاسٹ ہوئے،ایک ووٹ مستردہوا۔

Comments

- Advertisement -