لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے لئے تحریک انصاف کی خواتین ارکان کو وفاداریاں بدلنے کیلئے دھمکیاں موصول ہوئیں۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی خواتین ارکان کو وفاداریاں بدلنے کیلئے دھمکیاں ملنے لگیں ، ذرائع نے بتایا کہ رحیم یار خان سے مخصوص نشستوں پر کامیاب فوزیہ بتول کو دھمکی آمیزفون کال موصول ہوئی۔
ذرائع پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ فوزیہ بتول نے دھمکی آمیزفون کال کے بعد موبائل فون بند کردیا۔
مخصوص نشستوں پر کامیاب سائرہ رضا کو بھی دھمکیاں دی گئیں، دونوں خواتین ارکان اسمبلی اسوقت لاہور کے ہوٹل میں موجود ہیں۔
اس سے قبل فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی رکن پنجاب اسمبلی خیال احمد کاسترو کو بھی دھمکی آمیز کال موصول ہوئی تھی۔
خیال احمد کاسترو نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں بتایا تھا کہ میرے موبائل پر دھمکی آمیزکال آئی، واضح کردوں کہ عمران خان کے سپاہی ہیں، کسی دھمکیوں کو نہیں مانتے اور نہ ہی دھمکیوں سے ڈرنے والے ہیں۔
پی ٹی آئی رکن پنجاب اسمبلی نے دعویٰ کیا تھا کہ ہمارے بہت سےایم پی ایزکو پیسوں کی آفرز ہوئیں ساتھ ہی دھمکیاں بھی دی گئیں، ہم کپتان کے سپاہی ہیں، عمران خان کی خاطرجان بھی قربان کرنے کو تیار ہیں۔