مسلم لیگ ن کے امیدوار مفتاح اسماعیل نے این اے 249 ضمنی الیکشن کے نتائج کو چینلج کرتے ہوئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ کر دیا۔
مسلم لیگ ن کے امیدوار مفتاح اسماعیل نے حلقہ این اے 249 کے ریٹرننگ افسر کو تحریری درخواست جمع کروا دی۔ مفتاح اسماعیل کی جانب سے ریٹرننگ آفیسر کو 3 درخواستیں لکھی گئی ہیں۔
مفتاح اسماعیل نے حلقہ این اے 249 کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ کرتے ہوئے انتخابی نتائج اور ووٹونگ سے متعلق الیکشن کمیشن سے تفصیلات مانگی ہیں۔
مفتاح اسماعیل نے 15 پولنگ اسٹیشن کی فرانزک آڈٹ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹرز کے انگوٹھوں کے نشان کی جانچ پڑتال کی جائے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے این اے 249 کے ضمنی الکیشن کے نتائج کو مسترد کردیا ہے، خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ دو نمبر سے الیکشن کرانے ہیں تو سیاسی جماعتوں کو لڑنےکی ضرورت ہی نہیں ہے۔
پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے این اے 249 کے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کی جیت پر سوالات اٹھائے اور کہا کہ پورا بلدیہ حیران اورپریشان ہےکہ پیپلزپارٹی کیسےجیت گئی؟، پی پی کی جیت ایسے ہے جیسے بلدیہ میں دودھ کی نہریں بہہ رہی ہوں، تین دن پہلے ہونیوالے سروے میں بھی پیپلزپارٹی کہیں نہیں تھی، کسی سروے کمپنی نے بھی پیپلزپارٹی کو پانچواں نمبرسےاوپر نہیں دیاتھا۔