اسلام آباد : مولانا مارچ کے پیش نظر حکومت نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے دھاندلی کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن بنانے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔ اپوزیشن کو پارلیمانی کمیٹی کو فعال کرنے کی دعوت بھی دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے 2018 کے انتخابات میں دھاندلی سے متعلق بڑی پیشکش سامنے آئی ہے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے دھاندلی کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنانے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
اس کے علاوہ حکومت نے اپوزیشن کو باضابطہ انتخابات کی تحقیقات کی بھی پیشکش کردی، ذرائع کے مطابق حکومت نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کے ذریعے مولانا فضل الرحمان کو براہ راست پیشکش کی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے پارلیمانی کمیٹی کو فعال کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔ اسد قیصر کی جانب سے مل کر ٹی اوآرز طے کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔
پرویزالٰہی کا کہنا ہے کہ حکومت کا استعفے اور نئے انتخابات سے متعلق واضح مؤقف ہے، استعفیٰ اور نئے انتخابات کسی صورت نہیں ہوسکتے، نواز لیگ حکومت نے بھی اپنے5سال مکمل کیے تھے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقاتوں کے احوال سے وزیراعظم عمران خان کو آگاہ کردیا گیا ہے، الیکشن تنازعات سے متعلق متعلقہ فورمز سے رجوع کیا جاسکتا ہے۔