کراچی: اسمبلی سیکریٹریٹ نے وزیر اعلیٰ سندھ کے انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا جس کے مطابق 26 فروری کو پولنگ ہوگی۔
اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ کا انتخاب 26 فروری کو ہوگا جبکہ عہدے کیلیے امیدوار کل دوپہر ایک سے 3 بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کروا سکتے ہیں۔
شام 6 بجے وزیر اعلیٰ کے امیدواروں کے کاغذات کی اسکروٹنی مکمل کی جائے گی۔ شام 7 بجے وزیر اعلیٰ کے امیدواروں کی حتمی فہرست آویزاں کی جائے گی۔
آج سندھ اسمبلی کے 148 نومنتخب ارکان نے حلف اٹھایا۔ اسپیکر آغا سراج درانی نے ارکان سے سندھی، اردو اور انگریزی میں حلف لیا۔ 60 ارکان پہلی دفعہ سندھ اسمبلی کے رکن بنے جبکہ سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے 8ویں بار اسمبلی کی رکنیت کا حلف لیا۔
ایک سو چودہ نشستوں کے ساتھ پاکستان پیپلز پارٹی ایوان کی سب سے بڑی جماعت ہے جبکہ ایم کیو ایم پاکستان کی چھتیس نشستیں ہیں اور جی ڈی اے کی تین اور جماعت اسلامی کی ایک نشست ہے۔ سنی اتحاد کونسل کے نو ارکان بھی اسمبلی کا حصہ ہیں۔