اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

شفاف انتخابات : عمران خان نے گورنرخیبر پختونخوا کی برطرفی کا مطالبہ کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے نگراں وزیراعظم کو خط لکھ کر گورنرخیبر پختونخوا کی فوری برطرفی کا مطالبہ کردیا، ان کا کہنا ہے کہ گورنر کی سیاسی مداخلت تشویشناک امر ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے نگراں وزیر اعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ شفاف انتخابات کروانا نگراں حکومت کی ذمہ داری ہے، جس کیلئے میں تین اہم مسائل کی طرف توجہ دلانا چاہتا ہوں۔

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ گورنرخیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا کو عہدے سے ہٹایا نہ گیا تو شفاف انتخابات پرسوالات اٹھ سکتے ہیں کیونکہ گورنرخیبر پختونخوا کی بعض حصوں میں سیاسی مداخلت تشویشناک امر ہے۔

مداخلت ان حصوں میں کی جا رہی ہے جو پہلے فاٹا کا حصہ رہ چکے ہیں، گورنر کی سیاسی سرگرمیوں سے انتخابات کی شفافیت مشکوک ہوجائے گی، لہٰذا ہمارا مطالبہ ہے کہ گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑاکو عہدے سے برطرف کیا جائے۔

عمران خان کا خط میں مزید کہنا ہے کہ دوسرا اہم مسئلہ وفاقی حکومت میں بیوروکریسی میں تعیناتیوں کا ہے، وفاق میں بیوروکریسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، اس بیوروکریسی میں ن لیگ کے تعینات کیے گئے لوگ موجود ہیں، ن لیگ کی جانب سے تعینات کی گئی بیوروکریسی سے شفاف انتخابات کے انعقاد کوخطرہ ہے۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب اور سندھ میں بھی ضلعی انتظامیہ میں سیاسی تقرریاں کی گئیں ہیں، پی پی، اور ن لیگ نے اپنے لوگوں کو سیاسی طور پربھرتی کر رکھا ہے، عام انتخابات میں دوسری جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم نہیں کئے جارہے۔

عمران خان نے کہا کہ نگراں حکومت انتہائی سست روی سے آگے بڑھ رہی ہے، انتخابات میں شک کی کوئی گنجائش نہیں دیکھنا چاہتے، شفاف انتخابات کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کوفوری دور کیا جائے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں