منگل, جنوری 21, 2025
اشتہار

الیکشن 2024 پاکستان : بڑے بڑے برج الٹ گئے

اشتہار

حیرت انگیز

آزاد امیدواروں نے نامور سیاست دانوں کو پچھاڑتے ہوئے متعدد حلقوں میں میدان مار لیا ، خواجہ سعد رفیق ، فضل الرحمان، برجیس طاہر ، پرویز خٹک اور سراج الحق سمیت بڑے بڑے ناموں کو شکست ہوئی۔

انتخابی دنگل میں بڑے بڑے برج الٹ گئے اور آزاد امیدواروں نامور سیاستدانوں کو پچھاڑ دیا اور متعدد حلقوں میں سیٹیں اپنے نام کرلیں۔

این اے ایک سو بارہ لاہور میں سردار لطیف کھوسہ نے خواجہ سعد رفیق کو شکست دے دی تاہم این اے ایک سو تیس لاہور سے ڈاکٹر یاسمین راشد میاں نوازشریف سے ہار گئیں لیکن این اے پندرہ ہری پور میں انڈیپنڈنٹ امیدوار شہزادہ گشتاسب خان نے انہیں شکست دے دی۔

- Advertisement -

این اے چھ لوئر دیرمیں انڈیپنڈنٹ امیدوارمحمد بشیر خان نے امیرجماعتِ اسلامی پاکستان سراج الحق کو شکست دی، جے یوآئی سربراہ فضل الرحمان کوان کے آبائی حلقے ڈی آئی خان میں انڈیپنڈنٹ امیدوارعلی امین گنڈاپور نے بھاری مارجن سے مات دی۔

این اے ایک سو ستائیس لاہور میں عطا تارڑ نے بلاول زرداری کو بڑے فرق سے ہرایا جبکہ انڈیپنڈنٹ امیدوار ملک ظہیر عباس دوسرے نمبر پر رہے۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ سے مسلم لیگ ن کے خالد جاوید وڑائچ قومی اسمبلی کا الیکشن ہار گئے جبکہ تحریک انصاف کے حمایت یافتہ اسامہ حمزہ نے کامیابی حاصل کی، اس حلقے میں پچیس سال میں پہلی مرتبہ وڑائچ فیملی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

آئی پی پی کے جہانگیر خان ترین لودھراں اورملتان دونوں حلقوں میں قومی اسمبلی کی نشست ہارگئے، انہیں بھاری مارجن سے شکست ہوئی۔

این اے دوسو انسٹھ گوادر میں انڈیپنڈنٹ امیدوار یعقوب بزنجو نے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالمالک کو ہرا دیا۔

این اے 210 سانگھڑ سے صلاح الدین جونیجو نے جی ڈی اے کی سائرہ بانو کو ہرا دیا جبکہ گوجرانوالہ سے آٹھ مرتبہ ایم پی اے منتخب ہونے والے ن لیگ کے چوہدری اقبال گجربھی ہارگئے۔

لاہور سے ن لیگ کے حمزہ شہبازنے انڈیپنڈنٹ امیدوار عالیہ حمزہ کو پانچ ہزار ایک سو ستان ووٹوں کے فرق سے شکست دی، اس حلقے میں پانچ ہزارتین سو چوبیس ووٹ مسترد کیے گئے ہیں۔

این اے سولہ ایبٹ آباد سے ن لیگ کے مرتضیٰ جاوید عباسی انڈیپنڈنٹ امیدوارعلی اصغر سے ہارگئے جبکہ ن لیگ کے جاوید لطیف، شیخ روحیل، عابد شیرعلی اورمحمد نعمان کو بھی شکست ہوئی۔

این اے ایک سونو جھنگ سے انڈیپنڈنٹ امیدوار شیخ وقاص نے ن لیگ کے شیخ یعقوب جبکہ این اے ایک سو گیارہ ننکانہ سے انڈیپنڈنٹ امیدوار ارشد ساہی نے ن لیگ کے برجیس طاہر کو شکست دی۔

این اے ایک سوچھپن وہاڑی میں انڈیپنڈنٹ امیدوارعائشہ نذیر نے ن لیگ کے چوہدری نذیر کو ہرایا، کوٹ ادو میں سابق وزیر خزانہ حنا ربانی کھرکے بھائی رضاربانی کھر انڈیپنڈنٹ امیدوار فیاض چھجرا سے ہار گئے۔

خانیوال سے شاہ محمود قریشی کے بھانجے ظہورحسین قریشی نے ن لیگ کے پیر اسلم بودلہ کو شکست دی۔

رانا ثناء کے داماد رانا احمد شہر یار کو صوبائی اسمبلی کی نشست پر انڈیپنڈنٹ امیدوار محمد اسماعیل نے ہرایا جبکہ گوجرانوالہ سے عطا تارڑ کے بھائی بلاول فاروق تارڑ انڈیپنڈنٹ امیدوار ناصر چیمہ سے ہارگئے۔

ملتان سے یوسف رضا گیلانی کے تین بیٹے کامیاب ہوئے ، عبدالقادرگیلانی اورعلی موسی گیلانی قومی اسمبلی جبکہ علی حیدر گیلانی پیپلزپارٹی کی ٹکٹ پر صوبائی اسمبلی الیکشن جیتنےمیں کامیاب رہے۔

بائیس سال سے قومی اسمبلی کا الیکشن ہارنے والے عبدالعلیم خان بالآخر کامیاب ہوگئے، انہوں نے انڈیپنڈنٹ امیدوار علی اعجازبٹر کو ہرا کر کامیابی حاصل کی۔

خیبرپختونخوا کے سابق وزیراعلی پرویز خٹک اور محمود خان کو بھی شکست کا سامنا کرنا پڑاجبکہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق دیر، اویس نورانی کراچی میں ہار گئے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں