کوٹ ادو: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے دعویٰ کیا ہے کہ نوازشریف اپنی قبولیت کا تاثر دے رے ہیں، وہ اتنے مقبول نہیں۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی نے کوٹ ادو میں پاور شو کی تیاری مکمل کرلی اور اسپورٹس کمپلیکس میں پنڈال سجالیا ہے، جہاں چیئرمین بلاول بھٹو خطاب کریں گے۔
بلاول بھٹوزرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ میاں صاحب اپنی قبولیت کاتاثر دے رہے ہیں، میاں صاحب کی قبولیت نہیں ہے۔
چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ نوازشریف اتنے مقبول نہیں جتنا میڈیا میں کہا جاتا ہے،میاں صاحب حالات سے ڈر گئے ہیں، ڈرے سہمے ہوئےشیر کامقابلہ پیپلز پارٹی کرے گی۔
گذشتہ روز بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ (ن) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ بڑی مشکل سے کل شیر نظر آیا تھا کہیں ایسا نہ ہو جلسے میں لوگوں کی تعداد دیکھ کر واپس گھر میں چھپ کر بیٹھ جائے، کہیں ایسا نہ ہو آپ کا جوش اور جذبہ دیکھ کر شیر ڈر کر چھپنا شروع ہو جائے۔
چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ لاہور کے سیاستدانوں کو پیغام ہے ہم ڈرنے والے نہیں بلکہ ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، پنجاب کی سرزمین پر کھڑا ہو کر لاہور کو سیاستدانوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں، ہم ڈرنے، گھبرانے اور پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔