پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما اور نومنتخب رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکا مارا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما اور نومنتخب رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار نے پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب، کراچی، اسلام آباد میں ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکا مارا گیا اور انتخابی نتائج میں الیکشن ایکٹ 92 کی خلاف ورزی کی گئی۔
شاندانہ گلزارنے کہا کہ پی ٹی آئی کو پنجاب سے 36 ملین ووٹ ملے اور وہاں سے 155 سیٹیں جیتیں مگر صرف 55 سیٹیں ہمیں دی گئیں۔ اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی تینوں سیٹیں ہم نے جیتیں مگر تینوں پر ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا۔ کراچی سے 25 لاکھ لوگوں نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا مگر ہمیں ایک سیٹ نہیں ملی۔ جماعت اسلامی کو کراچی سے 8 لاکھ ووٹ ملے مگر ایک سیٹ نہیں دی گئی۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ تاریخ رہی ہے کہ پاکستان میں کبھی بھی کوئی الیکشن بغیر دھاندلی کے نہیں ہوا۔ 8 فروری کی رات تین بجے تک پی ٹی آئی 154 سیٹوں پر کامیابی کی جانب بڑھ رہی تھی لیکن صبح ہوتے ہوتے نتائج تبدیل ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں یاسمین راشد جیت رہی تھیں مگر صبح نواز شریف کو وہاں سے جتوا دیا گیا۔ سیالکوٹ میں ریحانہ ڈار کی فتح کو راتوں رات خواجہ آصف کی جیت سے تبدیل کر دیا گیا۔ این اے 47 اسلام آباد سے شعیب شاہین جیت رہے تھے وہاں بھی طارق فضل چوہدری کو جتوایا گیا۔ این اے 56 پنڈی پر شہریار آفریدی جیت رہے تھے مگر فتح کا تاج حنیف عباسی کے سر سجایا گیا۔
پی ٹی آئی نے 177 نشستیں جیتیں، 92 پر کامیابی دی گئی، ترجمان
شاندانہ گلزار نے کہا کہ این اے 236 کراچی سےعالمگیر خان جیت رہے تھے مگر وہاں سے حسن صابر کو جتوادیا گیا۔ اس حلقے سے عالمگیر خان کو ایک لاکھ سے زائد ووٹ ملے مگر وہ حسن صابر کی جھولی میں ڈال دیئے گئے۔ اسی طرح ایاز امیر کو بھی راتوں رات نتیجہ تبدیل کر کے ہرا دیا گیا۔