بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

جام کمال وزیر اعلیٰ بلوچستان منتخب

اشتہار

حیرت انگیز

کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی میں قائد ایوان کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہوئی جس کے بعد بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار جام کمال وزیر اعلیٰ بلوچستان منتخب ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے اجلاس آج ہوا۔ اجلاس اسپیکر میر عبد القدوس بزنجو کی زیر صدارت شروع ہوا۔ اجلاس کا ایجنڈا قائد ایوان کا انتخاب تھا۔

وزیر اعلیٰ کے لیے بلوچستان عوامی پارٹی کے جام کمال اور متحدہ مجلس عمل کے یونس عزیز زہری مدمقابل ٹھے۔

قائد ایوان کے انتخاب کے لیے 2 لابیز بنائی گئی تھیں۔ جام کمال کے حمایت یافتہ اے لابی اور یونس زہری کے بی لابی میں گئے۔

پولنگ میں جام کمال نے 39 ووٹ اور یونس عزیز زہری نے 20 ووٹ حاصل کیے۔ مسلم لیگ ن کے سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ثنا اللہ زہری نے بھی جام کمال کو ووٹ دیا۔

اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب


بلوچستان اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب 16 اگست کو کیا گیا۔ رائے شماری میں 60 میں سے 59 اراکین نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

سابق اسپیکر راحیلہ درانی کی زیر نگرانی خفیہ رائے شماری کا انعقاد ہوا اور مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کی گئی۔

انہوں نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ عبد القدوس بزنجو نے 39 ووٹ حاصل کیے جبکہ محمد نواز کاکڑ صرف 20 ووٹ حاصل کرسکے۔

بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر کے لیے بی اے پی اور 6 اتحادی جماعتوں نے میر عبد القدوس بزنجو کو مشترکہ امیدوار نامزد کیا تھا۔

سابق اسپیکر نے عبد القدوس بزنجو سے نئے اسپیکر کے عہدے کا حلف لیا جس کے بعد وہ اپنی نئی نشست پر بیٹھ گئے۔

تین گھنٹے کے وقفے کے بعد نو منتخب اسپیکر عبد القدوس بزنجو کی زیر نگرانی ڈپٹی اسپیکر کے چناؤ کے لیے انتخاب کیا گیا جس میں 58 اراکین نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

پولنگ کا وقت ختم ہوا تو گنتی کا عمل شروع کیا گیا جس میں ایک ووٹ مسترد ہوگیا۔

نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار سردار بابر موسیٰ خیل نے 36 جبکہ دوسرے امیدوار احمد نواز نے 22 ووٹ حاصل کیے۔

نو منتخب ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر موسیٰ خیل سے عبدالقدوس بزنجو نے حلف لیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں