تازہ ترین

قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے لیے پولنگ کل ہوگی

پشاور: قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر انتخابات کے لیے پولنگ کل (20 جولائی کو) ہوگی۔ 28 لاکھ 1 ہزار 837 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق سابق فاٹا (وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے) کے صوبہ خیبر پختونخواہ میں انضمام کے بعد قبائلی اضلاع کے عوام کل پہلی بار اپنے صوبائی ارکان اسمبلی کا انتخاب کریں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق مجموعی طور پر 16 صوبائی نشستوں پر 285 امیدوار میدان میں ہیں،جن میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔ 28 لاکھ 1 ہزار 837 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

الیکشن کمیشن نے قبائلی اضلاع میں 1 ہزار 897 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے ہیں جس میں 554 کو انتہائی حساس اور 461 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

شمالی اور جنوبی وزیرستان کے تمام پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس اور حساس کیٹگریزمیں شامل ہیں جن پر فوج تعینات ہوگی۔ پولنگ صبح 8 بجے شروع ہو کر شام پانچ بجے تک بغیر وقفے کے جاری رہے گی۔

خیال رہے کہ فاٹا کا صوبہ خیبر پختونخواہ میں انضمام گزشتہ برس کیا گیا تھا، وزیر اعظم عمران خان نے جلد سے جلد فاٹا میں صوبائی اور بلدیاتی انتخابات کروانے کا اعلان کیا تھا۔

وزیراعظم نے کہا تھا کہ تمام صوبے این ایف سی میں 3 فیصد فاٹا کو دیں گے، فاٹا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے باعث بہت نقصان ہوا۔ رواں مال سال کے بجٹ میں فاٹا کے لیے 73 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ بھی رکھا گیا ہے۔

Comments

- Advertisement -