اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی نے خیبر پختون خوا میں نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں انتخابات کے کام یاب انعقاد پر کہا ہے کہ یہ جمہوریت کی فتح ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے قبائلی اضلاع میں الیکشن کے انعقاد کو جمہوریت کی فتح قرار دیا، کہا خیبر پختون خوا اسمبلی کے لیے پُر امن انتخابات کا انعقاد جمہوریت کی فتح ہے۔
اسد قیصر نے قبائلی اضلاع کے عوام اور سیکورٹی اداروں کو کام یاب انتخابات کے انعقاد پر مبارک باد بھی دی۔
اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ پر امن انتخابات قبائلی عوام کی جمہوریت سے گہری وابستگی کا عکاس ہے، انھوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، قبائلی علاقہ جات میں پر امن انتخابات کا انعقاد ان ہی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: قبائلی اضلاع کےانتخابی نتائج: آزاد امیدواروں نے میدان مار لیا
انھوں نے کہا کہ انتخابات کے انعقاد کی بہ دولت قبائلی اضلاع کی محرومیوں کا ازالہ ہوگا، حکومت نے یہاں کے عوام کو ان کے حقوق دلوانے میں بھرپور کردار ادا کیا۔
دریں اثنا، قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے بھی قبائلی اضلاع میں کام یاب انتخابات کے انعقاد پر عوام اور اداروں کو مبارک باد پیش کی۔
واضح رہے کہ خیبرپختون خواہ میں ضم ہونے والے قبائلی اضلاع کی 16 صوبائی نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں 12 حلقوں کے غیر حتمی غیر سرکاری نتایج کے مطابق سب سے زیادہ آزاد امیدواروں نے 5 سیٹیں حاصل کی ہیں جب کہ پی ٹی آئی نے چار نشستیں جیتیں۔