سینیٹ کے اجلاس میں قومی اسمبلی اور چاروں صوبوں میں بیک وقت انتخابات کرانے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کر لی گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت اجلاس میں سینیٹر طاہر بزنجو نے قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات بیک وقت کرانے کی قرارداد پیش کی۔
قرارداد کے متن کے مطابق ملک میں معاشی استحکام کیلیے سیاسی استحکام ضروری ہے جس کے لیے تمام انتخابات بیک وقت ہونے ضروری ہیں۔
قرارداد میں کہا گیا کہ صرف پنجاب میں الیکشن سے دیگر صوبوں پر منفی اثرات مرتب ہونگے جب کہ قومی اور تمام صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات بیک وقت ہونے سے وفاق مضبوط ہو گا۔
سینیٹر طاہر بزنجو نے قرارداد میں کہا کہ ملک مزید سیاسی عدم استحکام کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ محاذ آرائی کے بجائے ملکی استحکام کیلیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔
مذکورہ قرارداد کو کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔ بل پیش کیے جانے کے موقع پر اپوزیشن نے شدید ہنگامہ آرائی اور نعرے بازی کی۔