ہفتہ, جولائی 27, 2024
اشتہار

انتخابات کا انعقاد پُر امن ہوگا ، نگراں وزیرداخلہ گوہر اعجاز

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : نگراں وزیرداخلہ گوہراعجاز کا کہنا ہے کہ انتخابات کا انعقاد پُر امن ہوگا اور امن وامان کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرنے والی قوتوں سے تھری ٹیئر سیکورٹی سسٹم کے ذریعے نمٹیں گے۔

تفصیلات کے مطابق نگراں وزیرداخلہ گوہر اعجاز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 48 گھنٹے کے اندر ملک میں عام انتخابات کا انعقاد ہونے جارہا ہے، نگراں حکومت کی پوری کوشش ہے پرامن انتخابات ہوں۔

گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ الیکشن کے حوالے سے بہت سی قیاس آرائیاں تھیں لیکن ہم اپنے آخری مراحل کی طرف جارہے ہیں، نگراں حکومت کو جو ذمہ داری ملی پوری کوشش ہے کسی قسم کانقصان نہ ہو۔

- Advertisement -

نگراں وزیرداخلہ نے کہا کہ سندھ میں الیکشن کا ماحول زور شور سے جاری ہے، سندھ میں جو پارٹیاں الیکشن لڑ رہی ہیں وہ ایک دوسرے کو جانتی ہیں، سندھ میں قانون نافذ کرنے والے ادارے موجود ہیں، میں بلوچستان گیا وہاں کی مکمل رپورٹ اور بریفنگ لی، بلوچستان میں بھی امیدواروں میں کسی قسم کا تناؤ نہیں، تمام جماعتوں کا آپس میں ایک دوسرے سے رابطہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو ہمارے ملک کوغیرمستحکم کرنا چاہتے ہیں ان سےخطرہ ہے، ہماری دفاعی لائن میں پولیس،سول آرمڈ اور آرمڈ فورسز ہیں۔

باجوڑ واقعے پر گوہر اعجاز نے کہا کہ باجوڑ کا واقعہ ہوا سب نے دیکھا بہت تکلیف ہوئی، باجوڑ واقعے کی تحقیقات کی گئیں تو ہم سب حیران تھے، صرف ہمیں ڈرانے کیلئے یہ حرکات کی جارہی تھیں، پاکستان کا نام ،عزت، وقار ہمارے ہاتھ میں ہے، اس حوالے سے ہمارے میڈیا کا اہم کردار ہے، ہمارے میڈیا کو دیکھ کر انٹرنیشنل میڈیا خبر لیتا ہے۔

نگراں وزیرداخلہ نے بتایا کہ ہم نے اسی ایمان سے الیکشن کرانا ہے، جس میں کسی کے جان ومال کا نقصان نہ ہو، عوام اطمینان سے ووٹ کاسٹ کریں فورسز آپ کے حفاظت کیلئے موجود ہیں، کسی صورت پاکستان کی عزت، سالمیت پر آنکھ اٹھانے نہیں دیں گے۔

بلوچستان کی صورتحال پر ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں واقعات پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش ہے، یہ تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہے کہ وہاں حالات ٹھیک نہیں۔

گوہر اعجاز نے مزید کہا کہ ہم نے خلوص نیت سے  5ماہ گزارے ہیں، پاکستان کے عوام آزادی سے ووٹ دیں، سی سی ٹی وی کے ساتھ فیس ڈیٹیکشن کرنے والاسسٹم بھی لگایا جارہا ہے۔

پولنگ اسٹیشنز کے حوالے سے انھوں نے بتایا کہ 90 ہزار 777پولنگ اسٹیشنز میں سے  44 ہزار نارمل ہیں ، 30 ہزار 121 پنجاب ، 6 ہزار 776 سندھ ، کے پی کے 5 ہزار 562 اور اسلام آباد میں  551پولنگ اسٹیشن نارمل ڈکلیر کیے ہیں۔

نگراں وزیر کا کہنا تھا کہ 20 ہزار 985 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا ہے، جن میں 14 ہزار66  حساس پولنگ اسٹیشن پنجاب میں ، 8 ہزار 20 حساس پولنگ اسٹیشنز سندھ میں ہیں جبکہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن 16ہزار 766 ہیں، جن میں پنجاب میں 5 ہزار 621، سندھ میں 4 ہزار 721 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ ہماری فورسزکیوآرایف سمیت ان پولنگ اسٹیشنزکودیکھ رہی ہیں، ہرپولنگ اسٹیشن پر7سے8اہلکاروں کی تعدادبنتی ہے، ہماری طرف سے کسی قسم کی کوئی کسرنہیں رکھی جائےگی۔

گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ اس الیکشن میں جان ومال کا تحفظ ہمارے لئے پہلے ہے، اللہ سے امید کرتا ہوں آپ سے بھی درخواست کرتا ہوں، ان شااللہ یہ الیکشن پرامن صاف اورشفاف بنائیں گے، آرمڈ فورسز کی مدد سے جو سیکیورٹی اقدامات لئے جا سکتے ہیں کریں گے اور انتخابات میں کسی صورت بھی رکاوٹیں نہیں آنے دیں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں