بدھ, جنوری 15, 2025
اشتہار

شہریوں نے الیکٹرک اور پلوشن فری بسوں کی سروس کو ذہنی سکون کے لیے بہترین قرار دے دیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد کے شہریوں نے الیکٹرک اور پلوشن فری بسوں کی سروس کو ذہنی سکون کے لیے بہترین قرار دے دیا ہے۔

اسلام آباد میں ماحول دوست بسیں چلنا شروع ہو گئی ہیں، شہریوں نے الیکٹرک اور پلوشن فری بسوں کی سروس کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک اور ذہنی سکون کے لیے بہترین سروس قرار دیا۔

ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد میں الیکٹرک بس سروس شروع کر دی ہے، 160 میں سے 100 بسیں اسلام آباد پہنچ چکی ہیں، جن میں سے 30 بسیں شہر کے دو روٹس نسٹ ٹو پمز، اور پمز تا بری امام پر چل رہی ہیں۔ ان روٹس پر ایک سے دو کلومیٹر کے کئی اسٹاپس پر بس رکے گی۔

- Advertisement -

الیکٹرک بسیں اسلام آباد کے دیہی اور شہری علاقوں کو ملانے والے 11 روٹس پر چلانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، جس کا مقصد شہریوں کو آرام دہ سفر کی سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ میڑو بس اسٹیشن کے ساتھ فیڈر کرنا بھی ہے، تاکہ شہری راولپنڈی میٹرو کی سہولت سے بھی فائدہ اٹھا سکیں۔

سی ڈی اے نے کنونشن سینٹر میں 6 چارجنگ پوائنٹس کے ساتھ ایک چارجنگ اسٹیشن نصب کیا ہے، جہاں ایک چارجنگ کے ساتھ بیک وقت 2 گنز کے ذریعے 2 الیکٹرک بسوں کو چارج کیا جاتا ہے۔ زیرو پوائنٹ کے قریب الیکٹرک بسوں کے لیے ایک ڈپو اسٹیشن تیار کیا جا رہا ہے جہاں مستقبل میں 70 سے زائد بسوں کی چارجنگ کا نظام قائم کیا جائے گا۔ سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ مستقبل میں چارچنگ کے لیے سولر پینل کا پروجیکٹ بھی شروع کیا جائے گا۔

الیکٹرک بسوں میں خصوصی افراد کی آسانی کے لیے بھی پش بٹن بنائے گئے ہیں، جن کی مدد سے ایکسلیریٹرز کے ذریعے ویل چیئر کو آسانی کے ساتھ بس میں چڑھایا جا سکتا ہے۔ ہر الیکٹرک بس میں خصوصی افراد کے لیے 2 نشستیں مختص ہیں۔ بس میں ایمرجنسی ایگزٹ کی سہولت کے لیے 4 ہیمرز بھی موجود ہیں تاکہ ناگہانی صورت حال میں بس سے مسافر آسانی سے نکل سکیں۔

الیکٹرک بس میں ڈرائیور کے رویے کو بھی لائیو اسٹریمنگ کے ذریعے مانیٹرنگ سینٹر میں دیکھا جاتا ہے، نیند، اونگھ، لاپرواہی سمیت ڈرائیور کے ہر طرح کے رویے کو اس کیمرے کی مدد سے دیکھا جاتا ہے۔

الیکٹرک بسوں میں اے سی کی سہولت نے بھی شہریوں کو خوش کر دیا ہے، ہر بس میں 4 اے سی بھی نصب ہیں، اس وقت 30 ماحول دوست الیکٹرک بسیں اسلام آباد کے دو روٹس پر رواں دواں ہیں جب کہ اگلے ماہ مزید 70 بسیں مزید روٹس کور کریں گی، اور 60 مزید بسیں بھی جلد اسلام آباد میں پہنچ جائیں گی۔

Comments

اہم ترین

فاطمہ بتول
فاطمہ بتول
فاطمہ بتول پارلیمنٹ ،پارلیمانی کمیٹی ایجوکیشن ،کلائمیٹ ،آرٹ کلچر اور خواتین کے مسائل پر رپورٹ کرتی ہیں

مزید خبریں