نئی دہلی: بھارت میں پہلی ’ذہین‘ سی یو وی کار لانچ کی گئی ہے، جسے خریدنے پر ایک سال کی چارجنگ سہولت مفت ملے گی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایم جی موٹرز انڈیا نے ’ایم جی ونڈسر‘ کے نام سے ایک نئی ’انٹیلیجنٹ سی یو وی‘ کار لانچ کی ہے، جس کی قیمت کا آغاز ساڑھے 13 لاکھ انڈین روپے سے ہوتا ہے۔
اس کار کو ’ذہین سی یو وی‘ اس لیے کہا جا رہا ہے کیوں کہ اس میں سیڈان والی تسکین، اور SUV والی کشادگی یکجا کی گئی ہے، جس نے اسے بزنس کلاس کے لیے ایک پُر تعیش پیش کش بنا دیا ہے۔
’جے ایس ڈبلیو ایم جی موٹر انڈیا‘ نے اس ’ونڈسر‘ کار کی قیمت 13,49,800 روپے مقرر کی ہے، اور اسے بھارتی کی پہلی ذہین کار کہا جا رہا ہے۔
اس ذہین CUV کار کا ایئرو ڈائنامک ڈیزائن طلسماتی ہے اس لیے تیز رفتاری میں اس پر ہوا کے اثرات قابو میں رہتے ہیں، اس کا انٹیریئر شان دار اور کشادہ ہے، تحفظ کا خیال بہت زیادہ رکھا گیا ہے، اور اس کا سسٹم اسمارٹ کیکٹیویٹی پر مبنی ہے، ڈرائیونگ میں آرام دہ اور بہت سی ہائی ٹیک خصوصیات کے ساتھ اسے لانچ کیا گیا ہے۔
نیشنل اور ساؤتھ ایشیا ٹیبل ٹینس چیمپئن نینا جیسوال نے ایم جی موٹر اور پی پی ایس موٹرز کے عہدے داروں کی موجودگی میں اس کار کا افتتاح کیا۔ صارفین کے ذہنی سکون کے لیے ایم جی ونڈسر پر بیٹری پر تاحیات وارنٹی، تین سال کے بعد 60 فی صد بائی بیک کی یقین دہانی، اور ایم جی ایپ کے ذریعے پبلک چارجرز پر ایک سال کی مفت چارجنگ کی سہولت بھی دی گئی ہے۔
ایم جی ونڈسر چار رنگوں میں دستیاب ہے: اسٹاربرسٹ بلیک، پرل وائٹ، کلے بیج، اور فیروزی گرین۔ یہ تین مختلف قیمتوں میں دستیاب ہے، ایکسائٹ کی قیمت 13,49,800، ایکسکلوزیو کی 14,49,800، ایسسنس کی قیمت 15,49,800 ہے۔