واشنگٹن: صدر بائیڈن نے الیکٹرک گاڑیاں متعارف کرانے کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کو امریکی صدر جو بائیڈن نے 2030 تک امریکا میں 50 فی صد الیکٹرک گاڑیاں متعارف کرانے کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیے۔
یہ قدم بائیڈن کے موسمیاتی تبدیلی سے لڑنے کے وسیع تر منصوبے کا حصہ ہے، جس کے تحت کاروں اور ٹرکوں سے آلودگی کے اخراج کا مسئلہ حل کیا جانا ہے، دوسری طرف چین کے برقی گاڑیوں کی مارکیٹ پر حاوی ہونے کے پیش نظر امریکا کو انڈسٹری لیڈر بنانا بھی ہے۔
امریکی شاہراہوں پر چلنے والی گاڑیوں کو 50 فی صد الیکٹرک پر لانے کے اس ہدف کو امریکی اور غیر ملکی آٹومیکرز کی حمایت حاصل ہو چکی ہے، تاہم اس کے ہدف کے حصول کے لیے اربوں ڈالرز کی سرکاری فنڈنگ درکار ہوگی۔
صدر بائیڈن کا کہنا ہے کہ دنیا ماحول دوست گاڑیاں بنانے میں آگے ہے، ہمیں بھی آگے بڑھنا ہوگا، امریکا ٹیکنالوجی میں آگے ہونے کے باوجود الیکٹرک گاڑیوں میں چین سے پیچھے ہے۔
وائٹ ہاؤس کے جنوبی لان میں جو بائیڈن نے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کے بعد وہاں انتظار میں کھڑی الیکٹرک جیب کی طرف رخ کیا اور اسے چلا کر گراؤنڈ کے چکر لگائے۔