اسلام آباد : کراچی کے صارفین کیلئے فی یونٹ بجلی 6روپے 49پیسےمہنگی کردی گئی ، اضافہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مدمیں کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی والوں پر بجلی گرادی گئی ، نیپرا نے کے الیکٹرک کیلئے بجلی 6روپے 49پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔
کے الیکٹرک کے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ اکتوبر سےدسمبر 2021کی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا تاہم حتمی اطلاق وفاقی حکومت سےمنظوری کے بعد ہوگا۔
اس حوالے سے نیپرا نے فیصلہ جاری کردیا ہے ، جس میں کہا ہے کہ جولائی سےستمبر 2021کی ایڈجسٹمنٹ کےتحت فی یونٹ بجلی95 پیسےسستی کی گئی ، جنوری سےمارچ 2022ایڈجسٹمنٹ کےتحت فی یونٹ بجلی 47پیسےسستی ہوئی۔
نیپرا کا کہنا ہے کہ ایڈجسٹمنٹ کے فیصلوں پر اطلاق وفاقی حکومت سےمنظوری کے بعد ہوگا۔
یاد رہے کے الیکٹرک نے اپریل کی ماہانہ فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں نیپرا سے بجلی کی قیمت میں 4 روپے 86 پیسے کے اضافے کی درخواست کی تھی۔
کے الیکٹرک نے درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ مارچ 2022 سے اپریل 2022 تک فرنس آئل کی قیمتوں میں 22 فیصد جبکہ سی پی پی اے-جی کی قیمتوں میں 14 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث بجلی مہنگی پڑی۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ نیپرا نے کے الیکٹرک کے درخواست پر بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 4 روپے 83 پیسے اضافے کی منظوری دی تھی۔ قیمتوں میں اضافہ مارچ کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا تھا، جس کا اطلاق جون کے بلوں پر ہوگا۔
نیپرا کا کہنا تھا کہ اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن صارفین پر ہوگا۔