اسلام آباد : کراچی والوں کیلئے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 3 روپے 2 پیسے مہنگی ہونے کا امکان ہے، نیپرا کے الیکٹرک کی درخواست پر 19اکتوبر کو سماعت کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کیلئے ایک ہی سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں دوسری بار بجلی مہنگی کرنے کی تیاری کرلی گئی۔
سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 3 روپے 2 پیسے مہنگی ہونے کا امکان ہے ، جس کے لئے کے الیکٹرک نے ایک سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت دوسری بار اضافہ مانگ لیا ہے۔
گزشتہ مالی سال کی چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت اضافے کی درخواست دائر کی گئی، اضافہ سہ ماہی نظرثانی پرائس سیٹنگ،آپریشنزاینڈ مینٹی ننس اورسالانہ مہنگائی کی مد میں مانگا گیا۔
نیپرا حکام کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک نے 13 ارب روپے کے رائٹ آف کی درخواست کی ہے، نیپرا کے الیکٹرک کی درخواست پر 19اکتوبر کو سماعت کرے گا۔
نیپرا ذرائع کے مطابق کے الیکٹرک کی درخواست کو سبسڈی میں ایڈجسٹ کیا جاسکتا ہے، نیپراسماعت کے بعد اپنا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوائے گی ، وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد اضافے کا اطلاق ہو گا۔
خیال رہے کراچی کے صارفین کے لئے اس سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اضافہ پہلے بھی کیا جا چکا ہے اور کراچی کیلئے چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 3 روپے 28 پیسے مہنگی کی جا چکی ہے۔