اسلام آباد : بجلی صارفین کے لیے خوشخبری آگئی، وزیر اعظم کی جانب سے کل بجلی 6 روپے فی یونٹ تک سستی ہونے کا اعلان متوقع ہے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کل اپنے خطاب میں بجلی سستی کرنے کا اعلان کریں گے، ذرائع کے مطابق بجلی 6 روپے فی یونٹ تک سستی ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ آئی پی پیز کے ساتھ نظرثانی معاہدوں کے بعد بجلی کی قیمتوں میں کمی کی جارہی ہے۔
آئی پی پیز سے بات چیت کے نتیجے میں 3 ہزارارب روپے سے زائد کی بچت ہوگی، بچت 29پاور پلانٹس کی 3 سے 20 سالہ مدت کے درمیان ہوگی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کل اپنے خطاب میں پاور سیکٹر میں اصلاحات سے متعلق بھی اہم اعلان کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کل پاور سیکٹر کے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس کل دوپہر 2 بجے ہوگا، وفاقی وزراء بھی شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کل متوقع ہے۔ شہباز شریف کل اسلام آباد میں معروف کاروباری شخصیات سے اہم ملاقات کریں گے۔
اس حوالے سے ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ ملاقات میں کابینہ کے اراکین سمیت 336 بزنس ٹائیکون موجود ہوں گے جب کہ اس دوران وزیراعظم شہباز شریف پاور سیکٹر ریفارمز پر بھی اعتماد میں لیں گے۔