سفاری پارک کی دو ہتھنیوں مدھوبالا اور ملکہ میں گزشتہ دنوں ٹی بی کی تشخیص ہوئی تھی یہ مرض انہیں کیسے لگا یہ سنسنی خیز انکشاف اب ہوا ہے۔
کراچی کے سفاری پارک میں چند ماہ قبل سونیا نامی مادہ ہاتھی مر گئی تھی۔ پوسٹمارٹم میں اس کی موت کی وجہ تپ دق (ٹی بی) بتائی گئی تھی۔
اس کے بعد گزشتہ دنوں اسی پارک میں موجود مزید 2 مادہ ہاتھیوں ملکہ اور مدھو بالا میں بھی ٹی بی کی تشخیص ہوئی تھی۔ ان قوی الجثہ جانوروں کو یہ مرض کیسے لگا اس کے متعلق انکشاف ہوا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق انفیکشنز کے ماہرین کا کہنا ہے کہ سفاری پارک میں موجود ملکہ اور مدھوبالا اور اس سے قبل مرنے والے دو ہاتھیوں کو ٹی بی کا مرض ان کے دیکھ بھال کرنے والے زو کیپرز کے ذریعے منتقل ہوا۔
واضح رہے کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں جنگلی حیات کے تحفظ کا دن منایا جا رہا ہے۔ یہ دن 2013 کو اقوام متحدہ سے منظور قرارداد کے بعد ہر سال 3 مارچ کو منایا جاتا ہے۔
رواں سال جنوری میں پنجاب حکومت نے جنگلی جانوروں پر تشدد اور قبضے سمیت دیگر جرائم کے خلاف الگ عدالتیں قائم کرنے کا فیصلہ کیا اور جانوروں سے متعلق شکایات کیلئے ہیلپ لائن ڈبل ون زیرو سیون (1107) بھی قائم کی ہے۔ اب جنگلی جانوروں سے متعلق جرائم پر 50 لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا۔
سونیا کے بعد مدھو بالا اور ملکہ ہتھنی بھی مہلک بیماری میں مبتلا ہونے کا انکشاف