اسلام آباد: سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ نواب اکبر بگٹی کو جان بوجھ کر قتل نہیں کیا گیا، کوئی حادثہ ہوسکتا ہے، نوے فیصد یقین ہے کہ سانحہ کوئٹہ میں بھارت ملوث ہے،بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اپنا ہوش کھو بیٹھے ہیں،بلوچستان میں بھارت مداخلت کررہا ہے۔
بھارت بلوچستان میں مداخلت کررہا ہے
پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی سے بات کرتے ہوئے سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ میری نظر میں بھارتی وزیراعظم پاگل ہوگئے ہیں، بلوچستان میں بھارت مداخلت کررہا ہے اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنے میں لگا ہے جس کے لیے وہ لوگوں کو استعمال کرتا ہے، بھارت کی افغانستان میں رسائی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔
سانحہ کوئٹہ میں بھارت ملوث ہے
پرویز مشرف نے کہا کہ میرے پاس ثبوت نہیں ہے نہ میں انٹیلی جنس کی بریفنگ لے رہا ہوں لیکن نوے فیصد یقین کے ساتھ کہتا ہوں کہ سانحہ کوئٹہ میں بھارت ملوث ہے کیوں کہ ان کا ایجنڈا ہی یہی ہے، بھارت کی بلوچستان میں مداخلت ہے جس کا مقصد پاکستان کو غیر مستحکم کرنا ہے۔ انہوں نے وضاحت دی کہ بھارتی فوجی خود کارروائی کرنے پاکستان نہیں آتے، بھارت کے ملوث ہونے کا مطلب یہ ہے کہ وہ پاکستان میں موجود لوگوں کو استعمال کرتا ہے جیسے تحریک طالبان پاکستان کو جو یہاں دھماکے کررہی ہے اور شیعہ افراد کے خلاف بھی واقعات شامل ہیں تاکہ مذہبی فرقہ واریت بڑھے اس مقصد کے لیے وہ رقم خرچ کرتا ہے۔
حقانی کے والد نے امریکی صدر سے ملاقات کی،اسامہ دہشت گرد تھا
حقانی نیٹ ورک کے سوال پر انہوں نے کہاکہ جلال الدین حقانی کے والد کو امریکا بلایا گیا، امریکی صدر سے ملاقات کی، اس وقت ہیرو تھے آج ولن بن گئے ہیں، صورتحال تبدیل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ میر ی نظر میں اسامہ بن لادن دہشت گرد تھا، نائن الیون کی کارروائی ان کی منصوبہ بندی میں شامل تھی، القاعدہ کے گرفتار ارکان خالد شیخ وغیرہ کے دیگر منصوبے بھی ان سے آشکار ہوئے۔
اکبر بگٹی کو مارا نہیں گیا، خود کشی کی
انہوں نے کہا کہ سو فیصد یقین ہے کہ اکبر بگٹی کو مارا نہیں گیا، انہوں نے خود کشی کی یا انہوں نے خود منصوبے کے مطابق راکٹ فائر کرایا یا دھماکا کیا، ہمارے ان پانچ آفیسرز کو مارنے کے لیےجو ان کے پاس گئے تھے ، جس کی وجہ سے سب ہی کچھ تباہ ہوگیا، یاپھر انہوں نے پہلے ہی باروی مواد رکھا ہوا تھا اسے اڑادیا ہم نے حملہ نہیں کیا انہوں نے منصوبے کے تحت دھماکا کرایا جس میں وہ خود مارے گئے۔
براہمداغ بگٹی ملک کا غدار ہے
براہمداغ بگٹی ملک کا غدار ہے جو مودی کا شکریہ ادا کررہا ہے اور پاکستان کو گالیاں دے رہا ہے، بلوچوں کا ترجمان بننے والے ڈیرہ بگٹی تو آ نہیں سکتے،ایک غدار شخص بلوچ قوم کا نمائندہ کیسے ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بگٹیوں کا کلپر قبائل بلوچوں کے سب قبائل کا لیڈر ہے اور وہ آج بھی میری تعریف ہی کرے گا اگر ان سے پوچھا جائے،خان محمد کلپر کی پچاس ہزار افراد کی برادری کو بگٹی سے نکال دیا گیا تھا میں انہیں واپس لایا، ان کی امداد کی ،پیسے اور مویشی دیے وہ آج بھی ہمارے شکر گزار ہیں۔
بھارت افغان ایجنسی خاد کو بھرپور استعمال کرتا ہے
انہوں نے کہا کہ بھارت افغانستان میں ’’خاد ‘‘کو بھرپور طریقے سے استعمال کرتا ہے،دشمن افغانستان میں شمالی اتحاد کو ہمارے خلاف استعمال کرسکتا ہے،ایسی صورتحال میں ہم ان کے خلاف بھی کچھ گروپس استعمال کرسکتے ہیں۔
چوہدری نثار نے بھارت کو بہترین جواب دیا
چوہدری نثار کے سارک کانفرنس میں بھارت کے خلاف دیے گئے جواب کو انہوں نے زبردست جواب تسلیم کیا اور کہا کہ بھارت کے خلاف چوہدری نثار کے بیانات کی تعریف اور تائید کرتا ہوں کہ انہیں ایسا ہی جواب دینا چاہیے تھا۔
علاج کے لیے امریکا جارہا ہوں اکتوبر میں وطن واپس پہنچوں گا
Property is for personal use, not business… by arynews
انہوں نے آگاہ کیا کہ رواں ماہ لندن جارہا ہوں، اگلے ماہ علاج کے لیے امریکا روانہ ہوں گا اور وہاں آٹھ تا دس دن رہ کر اکتوبر کے درمیان وطن واپس آجائوں گا۔
اپنی رقم استعمال اور پراپرٹی فروخت نہیں کرسکتا
پرویز مشرف نے کہا کہ مجھ پر پابندیاں ہیں، میری پراپرٹی میرے زیر استعمال ہے تاہم اسے فروخت نہیں کرسکتا، بینک اکائونٹ منجمد ہے اور رقم استعمال نہیں کرسکتا، میرے بینک اکائونٹ میں رقم ہے تاہم دوسروں کی طرح امیر نہیں۔
حامد کرزئی سے ٹاک شو ہونےوالا ہے
انہوں نے میزبان وسیم بادامی کو آگاہی فراہم کی کہ سابق افغان صدر حامد کرزئی کے ساتھ جلد ٹاک شو ہے، میں نے تو تاریخ دے دی تاہم وہاں سے تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی، ممکن ہے تاریخ میں تبدیلی ہوجائے۔
زرداری واپس نہیں آئیں گے
زرداری کی واپسی کے سوال پر وہ ہنس دیے اور کہا کہ زرداری آرام سے بیٹھے ہیں، مجھے بہت لوگ آکر بتاتے ہیں وہ آرام سے بیٹھے ہیں انہیں کوئی تکلیف نہیں، یہاں ان کے لیے رینجرز ہے، خطرات ہیں، ان کی آپس کی دشمنیاں بھی ہیں، فی الحال وہ واپس نہیں آتے۔
سندھ میں پی پی اور وفاق میں ن لیگ ہی رہے گی
فوج کی آمد کے سوال پر انہوں نے کہا کہ رواں سال مجھے انتخابی لحاظ سے کوئی تبدیلی نظر نہیں آتی،سندھ میں پی پی اور وفاق میں ن لیگ کے سوا کوئی اور آپشن نہیں، وفاق میں ن لیگ اور سندھ میں پی پی کی حکومت ہی ہوگی اور پنجاب میں پی ٹی آئی کی کامیابی تھوڑی مشکل سمجھتا ہوں،رواں سال کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تو الیکشن 2018ء میں ہی ہوں گے۔
نواز شریف پر کرپشن کے الزامات درست ہیں
وزیراعظم نواز شریف کی کرپشن سے متعلق سوال پر سابق صدر کا کہنا تھا کہ نواز شریف پر لگنے والے کرپشن کے الزامات بالکل درست ہیں تاہم سترہ سال گزر گئے اور نواز شریف کی کرپشن کی باتیں نکل رہی ہیں، کرپشن اس زمانے میں کم آج زیادہ ہے، نیب کا ادارہ ہم نے بنایا تھا۔
فیلڈ مارشل آرمی چیف سے بڑا عہدہ ہے
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل ایک اپائمنٹ ہے لیکن اس کی اتنی کمانڈ نہیں ہے کہ پوری فوج اس کے ماتحت ہوجائے، آرمی چیف ہی کمانڈر رہتا ہے، ایک علامتی عہدہ ہوتا ہے لائف ٹائم، انہوں نے تسلیم کیا کہ وہ فائیو اسٹار جرنیل ہوتا ہے اور اس کا اختیار آرمی چیف سے زیادہ ہوتا ہے۔
حکومت جنرل راحیل کو فیلڈ مارشل بنا سکتی ہے
جنرل راحیل کے فیلڈ مارشل بننے کے سوال پر انہوں نے کہا حکومت انہیں فیلڈ مارشل بناسکتی ہے لیکن اگر آرمی چیف کوئی اور ہوا اور جنرل راحیل فیلڈ مارشل ہوئے تو فوج آرمی چیف ہی چلائے گا لیکن اگر جنرل راحیل آرمی چیف ہوتے ہوئے فیلڈ مارشل بنے تو اور بات ہے۔