واشنگٹن: ایلون مسک نے دھمکی دی ہے کہ صدر ٹرمپ کے بگ بیوٹی فل بل کی حمایت کرنے والے آئندہ سال پرائمری الیکشن ہار جائیں گے۔
روئٹرز کے مطابق ایلون مسک نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ’بگ بیوٹی فل بل‘ روکنے کے لیے ارکان کانگریس کو دھمکی دے دی ہے، کہ اگر اس بل کی کسی رکن نے حمایت کی تو وہ آئندہ سال پرائمری الیکشن ہار جائے گا۔
ایلون مسک نے ارکان کانگریس کو شرمندہ کرنے کے لیے کہا کہ ان کا سر اس بل کی حمایت پر شرم سے جھک جانا چاہیے، حکومتی اخراجات میں کمی کی مہم چلانے والے آج اس بل کی حمایت کر رہے ہیں۔
ٹرمپ کے ’بگ بیوٹی فل بل‘ کو سینیٹ میں روکنے کی کوشش ناکام، ایلون مسک کی رائے؟
ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی نے کہا امریکی تاریخ کا سب سے بڑے قرضے پر ارکان کانگریس کو شرمندہ ہونا چاہیے، امریکا میں اب ریپبلکن اور ڈیموکریٹ کے علاوہ تیسری پارٹی کی ضرورت ہے، بگ بیوٹی فل بل جس دن منظور ہوا اگلے روز امریکا میں تیسری پارٹی بن جائے گی۔
ایلون مسک نے بل کی حمایت کرنے والوں کے لیے جھوٹا کے نام سے پوسٹر بھی بنا دیا ہے، اور کہا کہ یہ پوسٹر آئندہ الیکشن میں بل کے حامیوں کی تصویر کے ساتھ لگایا جائے گا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریپبلکنز کو بل 4 جولائی تک منظوری کرنے کی ڈیڈ لائن دی ہے، بگ بیوٹی فل بل میں حکومتی اخراجات کے لیے 4 ٹریلین ڈالر سے زائد رقم مانگی گئی ہے۔