ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک نے خبردار کیا ہے کہ ایسے ٹوئٹر اکاؤنٹس کو خبردار کیے بغیر معطل کردیا جائے گا جن کے پروفائل میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ پیروڈی اکاؤنٹس ہیں۔
جب سے ایلون مسک نے ٹوئٹر خریدا ہے، کئی صارفین نے اپنے اکاؤنٹس کا نام بدل کر ایلن مسک رکھ لیا اور ارب پتی مالک کا تمسخر اڑتے رہے، ایسے تمام اکاؤنٹس کو یا تو بند کر دیا گیا ہے یا ان پر وارننگ کا نشان لگا دیا گیا ہے۔
اس سے پہلے ٹوئٹر انتطامیہ ایسا کرنے والوں کو وارننگ دیتی تھی۔ ٹوئٹر کے نئے ارب پتی مالک نے کہا ہے کہ اب اکاؤنٹ کی معطلی فوری طور پر ہوگی اور صارف کو کوئی وارننگ بھی نہیں دی جائے گی۔
ایلون مسک نے اپنے ٹویٹر پیغام میں بتایا ہے کہ اگر پروفائل میں موجود پیروڈی اکاؤنٹس کی عبارت ظاہر نہ کی گئی تو اُن کی کمپنی اس فرضی اکاؤنٹس کو بند کرنے میں حق بجانب ہوگی۔
واضح رہے کہ ایلون مسک نے گزشتہ ماہ ہی ٹوئٹر کمپنی کا چارج لیا ہے۔ انہوں نے گزشتہ ہفتے کمپنی کے 7500ملازمین میں سے تقریباً نصف کو ملازمت سے برخاست کر دیا تھا۔
اس کے علاوہ ایلون مسک نے بلیو ٹک والے تصدیق شدہ اکاؤنٹ ہولڈرز سے ماہانہ آٹھ ڈالر لینے کا اعلان بھی کیا ہے جس کے بعد ان اس فیصلے پر شدید تنقید بھی کی جارہی ہے۔
امریکہ کی مشہور کامیڈین کیتھی گرفن اور این ایف ایل کھلاڑی کرس کلوی سمیت کئی صارفین نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹس کا نام بدل کر ایلون مسک رکھ لیا تھا۔ اب ایسے اکاؤنٹس کو یا تو معطل کر دیا گیا ہے یا ان پر وارننگ چسپاں کر دی گئی ہے۔
البتہ کچھ اکاؤنٹس جن میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پیروڈی کرنے والے ٹم ہیڈیکر بھی شامل ہیں، ان کا اکاؤنٹ ابھی تک معطل نہیں ہوا ہے۔