لاہور : پنجاب حکومت نے شہریوں کیلئے ایمرجنسی الرٹ جاری کردیا، جس میں ماسک پہننے،کھڑکیاں، دروازےبند رکھنے کی اپیل کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں اسموگ میں خطرناک حد تک اضافے کے پیش نظر شہریوں کیلئے ایمرجنسی الرٹ جاری کردیا گیا۔
جس میں ماسک پہننے،کھڑکیاں، دروازےبند رکھنے کی اپیل کی گئی ہے، الرٹ میں کہا ہے کہ دہلی،امرتسر ،چندی گڑھ کی سموگ تیز ہواکیساتھ لاہور میں داخل ہو رہی ہے۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ بچے ماسک پہنیں، امرض قلب اور سانس کے مریض کھلی ہوا میں نہ جائیں، بھارت سے چلنے والی ہوائیں لاہور میں داخل ہونےسے آلودگی میں اضافہ ہوتا ہے اور بھارت میں فصل کی باقیات جلانے سے آلودگی بڑھی، لاہور کاائیر کوالٹی انڈیکس متاثر ہوا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہر شہری سے ماسک پہننے کی اپیل کی ہے ، مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ بچوں کو ماسک لازمی پہنائیں تاکہ انہیں موسمی شدت سے بچایا جا سکے ، والدین اور اسکول انتظامیہ سے اپیل ہے حفاظتی انتظامات میں غفلت نہ برتیں۔
عوام سے گاڑیوں کو چیک کرنے، ٹریفک جام سے بچنے اورفصلوں کی باقیات نہ جلانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ دھواں دینے والی گاڑیاں کلیمپ ہوں گی اور کوی بھٹہ زگ زیگ کے بغیر نہیں چلے گا۔