پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان کی ہدایت پر سیلاب کے پیش نظر ضلع سوات میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ متاثرین کی مدد اور بحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق شدید بارشیں اور سیلاب کے بعد صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع سوات میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، ایمرجنسی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان کی خصوصی ہدایت پر نافذ کی گئی۔
صوبائی محکمہ ریلیف نے ایمرجنسی کے نفاذ کا باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا، اعلامیے کے مطابق سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے لیے 30 اگست تک ایمرجنسی نافذ العمل رہے گی۔
وزیر اعلیٰ محمود خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیاں تیز کی جائیں، کھانے پینے سمیت تمام اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ ضلعی انتظامیہ ہر متاثرہ شخص تک رسائی یقینی بنائے، متاثرہ خاندانوں کے نقصانات کا ازالہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی، متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے ضلعی انتظامیہ کو احکامات دیے گئے۔
وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت متاثرین کے ساتھ ہے، سیلاب متاثرین کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، متاثرین کی مدد اور بحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔