کراچی: متحدہ عرب امارات کی ایمریٹس ایئر لائن نے کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے ہفتہ وار پروازیں شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ایئر لائن نے رواں ماہ 8 جون سے دبئی کے لیے ہفتہ وار 14 پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جن میں کراچی سے یومیہ ایک پرواز، اسلام آباد سے 2 اور لاہور سے 5 پروازیں روانہ ہوں گی۔
ایمریٹس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کراچی سے یومیہ ایک پرواز، اسلام آباد سے ہر جمعرات دو پروازیں جبکہ لاہور سے پیر.، منگل، جمعرات، جمعہ اور اتوار کو پروازیں روانہ ہوں گی۔
ایئر لائن کے مطابق ان پروازوں میں صرف ان ہی مسافروں کو سفر کرنے کی اجازت دی جائے گی جو متحدہ عرب امارات کی حکومت کی طرف سے نافذ کیے داخلے اور اہلیت کے قوانین پر پورے اترتے ہوں گے ۔
ایمریٹس ایئر لائن پاکستان سے پرواز میں متحدہ عرب امارات کے شہریوں کے ساتھ کارگو بھی دبئی لے کر جائے گی جبکہ دبئی سے پاکستان آنے والی پروازوں پر ایئر لائن کی جانب سے صرف کارگو کو لایا جائے گا۔