کراچی : اماراتی ائیرلائن نے پاکستان کے لیے دوبارہ فلائٹ آپریشن بحال کردیا اور پاکستانی مسافروں کے لیے کرونا ٹیسٹ لازم قرار دیا ہے، چغتائی لیب مسافر کی رپورٹ براہ راست ائیرلائن کو فراہم کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ایمریٹس ائیرلائن نے پاکستان کے لیے فلائٹ آپریشن دوبارہ بحال کردیا، ائیرلائن کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے لیے پروازیں آپریٹ کررہی ہے۔
ایمرٹس ایئرلائنز کے ذریعے سفر کرنے والے پاکستانی مسافروں کے لیے کرونا ٹیسٹ لازم قرار دیا گیا ہے اور ٹیسٹ کی رپورٹ 96 گھنٹے سے زائد پرانی نہ ہونے کی بھی شرط رکھی گئی ہے۔
امارات ائیرلائنز نے کرونا ٹیسٹ کے لئے چغتائی لیب سے معاہدہ کیا ہے، جو مسافر کی رپورٹ براہ راست امارات ائیرلائنز کو بھی فراہم کرے گا جبکہ ٹیسٹ کے اخراجات مسافر کو برداشت کرنا ہوں گے۔
یاد رہے ایمریٹس ائرلائن نے گزشتہ ہفتے پاکستان کے لئے عارضی طور فلائٹ آپریشن معطل کیا تھا۔