کراچی: شہر قائد کے علاقے صدر میں ایمپریس مارکیٹ کے قریب دکانوں کے تالے کاٹ کر لاکھوں کی چوری کی واردات ہوئی ہے، جس پر پولیس نے شک ظاہر کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر ایمپریس مارکیٹ کے قریب دکانوں میں نقب زنی کی واردات ہوئی ہے، جس میں نامعلوم ملزمان 3 دکانوں کے تالے کاٹ کر لاکھوں روپے کا سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔
معلوم ہوا کہ رات گئے پولیس کی جانب سے دکانوں کو سیل کیا گیا تھا، وہ تالے توڑ کر چوری کی گئی، جب کہ ایمپریس مارکیٹ یوم علی کے مرکزی جلوس کی گزر گاہ بھی ہے۔
متاثرہ دکان دار امان اللہ نے بتایا کہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہونے کے باوجود دکانوں کے تالے توڑے گئے جو تشویش ناک بات ہے، پولیس نے گزشتہ رات 10 بجے دکانیں سیل کرنے کے لیے مارکیٹ بند کرا دی تھی۔ متاثرہ دکان دار نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی دکان سے 50 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے موبائل فون چوری ہوئے ہیں۔
پولیس کا ابتدائی مؤقف تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واردات مشکوک ہے، دکان دار کی جانب سے 50 لاکھ روپے مالیت کے سامان کی چوری کے شواہد نہیں مل رہے۔
کراچی : نجی کلینک میں غلط انجکشن لگنے سے 15 سالہ لڑکی جاں بحق
پولیس کے مطابق ملزمان کے 3 دکانوں کے تالے کاٹنے کی اطلاع ملی لیکن ملزمان نے صرف ایک دکان کو لوٹا ہے، جس دکان کو لوٹا گیا وہ اتنی بڑی نہیں ہے کہ اس کے اندر 50 لاکھ روپے کا سامان موجود ہو، اس لیے سی سی ٹی وی فوٹیجز اور دیگر شواہد دیکھ کر قانونی کارروائی کی جائے گی۔
پولیس حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ صدر تھانے میں درج ہوگا۔ دکانوں میں نقب زنی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی پولیس کو موصول ہو گئی ہے، رات 4 بجکر 30 منٹ کے قریب چوری کی واردات ہوئی، فوٹیج میں 4 چوروں کو دکان کے تالے کاٹتے دیکھا جا سکتا ہے۔