جدہ: مدینہ منورہ میں قائم مسجد نبوی ﷺ کے حوالے سے انسائیکلو پیڈیا تیار کرنے پر غور کیا جارہا ہے، انسائیکلو پیڈیا عربی، انگریزی اور فرانسیسی زبانوں میں شائع ہوگا۔
سعودی خبررساں ادارے کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ کی انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے مسجد نبوی ﷺ کی انتظامیہ کے ماتحت علمی کمیٹی کے اجلاس میں ہدایت دی کہ مسجد نبوی ﷺ کی تعمیر اور قیام کی تاریخ سے متعلق انسائیکلو پیڈیا تیار کیا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ اس حوالے سے معتبر اور مستند حوالہ جات پر انحصار کیا جائے، انسائیکلو پیڈیا جامع ہو اور اس موضوع پر اب تک مہیا تمام مواد معروضی اور تجزیاتی شکل میں یکجا کردیا جائے۔
ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس کے مطابق انسائیکلو پیڈیا کا ترجمہ مختلف زبانوں میں ہوگا۔ انسائیکلو پیڈیا کی تیاری کے لیے باقاعدہ نظام الاوقات ترتیب دیا جائے گا۔
انسائیکلو پیڈیا میں شامل ہوگا کہ مسجد نبوی ﷺ کی تعمیر کب اور کیسے شروع ہوئی، توسیع کب کب، کیسے اور کس نے کروائی اور تعمیر و توسیع کی خصوصیات کیا ہیں۔ اسلام کے ابتدائی عہد سے سعودی ریاست تک مسجد نبوی ﷺ کی تعمیر میں کیا کچھ تبدیلی آئی یہ سب کچھ بھی انسائیکلو پیڈیا میں شامل ہوگا۔
انسائیکلو پیڈیا مسجد نبوی ﷺ کی تعمیرات کی تاریخ سے متعلق معلومات، تجزیے، دستاویزات اور تصاویر کا مجموعہ ہوگی جس کی تیاری میں اسلامی، تاریخی اور تعمیراتی امور کے ماہرین شریک ہوں گے۔
مسجد کی تعمیرات سے متعلق انسائیکلو پیڈیا کے 3 حصے ہوں گے۔ ایک حصے میں تاریخی دستاویزات ہوں گی جس میں اعداد و شمار اور تصاویر سے استفادہ کیا جائے گا۔
دوسرے حصے میں مسجد نبوی ﷺ کی تعمیر کے مرحلہ بہ مرحلہ ارتقا کا تجزیاتی مطالعہ پیش کیا جائے گا جبکہ تیسرے حصے میں تعمیر اور ڈیزائن سے متعلق اہم تحقیقی تحریریں جمع کی جائیں گی۔
انسائیکلو پیڈیا سے نہ صرف دنیا بھر کے مسلمانوں اور تاریخ و تحقیق کے طالب علموں و اسکالرز کو فائدہ ہوگا بلکہ دیگر مذاہب کے افراد بھی اس اہم دستاویز کے ذریعے مسجد نبوی ﷺ کے بارے میں جان سکیں گے۔