کیلی فورنیا: امریکا میں ایک خاتون کے گھر پر مردار خور پرندے گِدھوں نے قبضہ جما لیا، خاتون اپنے گھر کا قبضہ چھڑانے میں ناکام ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق کیلی فورنیا میں امریکی گِدھوں کی ایک قسم کینڈور نے ایک گھر پر قبضہ جما لیا ہے، اور مکینوں کی بہت کوششوں کے باوجود وہ وہاں سے جانے کے لیے تیار نہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گِدھوں کی مذکورہ قسم معدومیت کے خطرے سے دوچار ہے، اس لیے ان کے خلاف کوئی ایسی کارروائی بھی نہیں کی جا سکتی جس سے ان کو خطرہ لاحق ہو جائے، گھر کی مالکن کا کہنا ہے کہ ان گِدھوں نے ان کے خلاف ’اعلان جنگ‘ کر رکھا ہے۔
گھر کی مالکن سنڈا مکول بالکل بے بس ہو چکی ہیں، وہ گھر کی منڈیروں سے انھیں اڑانے کے لیے تالی بجانے اور شور مچانے کے علاوہ کچھ نہیں کر سکتیں، گھر پر قبضہ کرنے والے گِدھوں کی تعداد کم از کم پندرہ بتائی گئی ہے، جنھوں نے بیٹ کر کر کے گھر کا ستیاناس کر دیا ہے۔
خاتون سنڈا مکول کی بیٹی شینا کونٹارو نے گِدھوں کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم شروع کر دی ہے، انھوں نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ گِدھوں نے گھر کی چھت اور ڈیک کا ستیاناس کر دیا ہے، میری چھوٹی سی امی 10 فٹ کے سائز کے پرندوں کو گھر سے بے دخل کرنے کی کوشش کر رہی ہے لیکن وہ کہیں جانے کے لیے تیار ہی نہیں۔
واضح رہے کہ امریکا میں پائی جانے والی گِدھوں کی کنڈور نامی قسم کی پورے امریکا میں تعداد 500 سے بھی کم بتائی جاتی ہے، کیلی فورنیا جہاں گِدھوں نے ایک گھر پر قبضہ جمایا ہے، وہاں پوری ریاست میں گدھوں کی کل تعداد 160 ہے جن میں سے 15 نے اس گھر پر قبضہ کر رکھا ہے۔ کیلی فورنیا کے گِدھ دنیا کے بڑے پرندوں میں سے ایک ہیں اور ان کے پروں کا پھیلاؤ دس فٹ سے بھی زیادہ ہوتا ہے۔ یہ پرندے 1967 سے معدومیت کے خطرے سے دوچار پرندوں کی فہرست میں شامل ہیں۔
She does think this is pretty amazing but also the worst. They don’t have to leave her property but leave the house alone. They keep hanging out on her roof and railings messing with stuff and pooping everywhere. Trees are fine but not the house please 🙏 pic.twitter.com/QhE9XVERZF
— Seana Lyn (@SeanaLyn) May 5, 2021
شینا کونٹارو نے ایک ٹویٹ میں لکھا ویک اینڈ پر 15 کنڈور میری امی کے گھر میں اتر آئے اور ان کے ڈیک کا ستیاناس کر دیا، وہ اب بھی نہیں گئے، یہ بہت تکلیف دہ ہے، ایسے پہلے کبھی نہیں ہوا، انھوں نے میری ماں کے ساتھ جنگ کا فیصلہ کیا ہے، بدتمیز پرندے گملوں کو الٹ رہے ہیں، پینٹ کو کھرچ رہے اور دروازوں کو خراب کر رہے ہیں۔
وائلڈ لائف سروس نے کونٹارو کی ٹویٹس کے جواب میں کہا ان پرندوں کو تحفظ حاصل ہے، ان گِدھوں کو گھر سے بے دخل کرنے کے تین طریقے ہیں، تالی بجائیں، اونچی آوازیں نکالیں یا پھر ان پر پانی اسپرے کریں، اس مشورے پر خاتون نے ہوز پائپ سے چھت پر بیٹھے کچھ گِدھوں کو غسل دیا، جس پر وہ اڑ کر ایک درخت پر بیٹھ کر آرام کرنے لگے۔