اسلام آباد : وزیر توانائی خرم دستگیر نے امریکی صدر کے بیان کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا پاکستان کے ایٹمی اثاثے محفوظ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی خرم دستگیر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی صدر جوبائیڈن کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا امریکی صدر نے جو بیان دیا ہے وہ بالکل غلط ہے
وزیرتوانائی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ایٹمی اثاثےمحفوظ ہیں،عالمی ایجنسیاں تصدیق کرچکی ہیں،امریکی صدرکا بیان مکمل طور پر بےبنیاد ہے۔
بلیک آؤٹ کے حوالے سے خرم دستگیر نے بتایا کہ ملک کے جنوبی حصے میں ہونے والے بریک ڈاؤن کو بحال کیا گیا، وزیراعظم شہبازشریف خود تمام معاملات کی نگرانی کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ پیر تک آنے کا امکان ہے، انکوائری رپورٹ کا تھرڈ پارٹی سے بھی آڈٹ کرائیں گے۔
وزیرتوانائی نے کہا کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ میں 9 روپے 70 پیسے فی یونٹ کی کمی آئی ہے۔
خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ تھر کے کوئلے سے بجلی پیدا کی جائے گی، تھر کےکوئلے کے لیے ہمیں ڈالر خرچ نہیں کرنے پڑیں گے، تھر کا کوئلہ امپورٹڈ کوئلے سے 10 گنا سستا ہے۔